لمحہ آخر میں تبدیلیوں کی قیاس آرائی، 50 دن میں 115 بی فارم کی عدم تیاری باعث حیرت، انتخابی اخراجات کیلئے40 لاکھ کا چیک حوالے
حیدرآباد۔/15 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پارٹی کے 51 اسمبلی امیدواروں کو بی فارم حوالے کیا ہے۔ہر امیدوار کو بی فارم کے ساتھ 40 لاکھ روپئے کا چیک انتخابی مصارف کے طور پر پیش کیا گیا۔ پارٹی کے تمام امیدواروں کو بی فارم حوالے کرنے کیلئے تلنگانہ بھون مدعو کیا گیا تھا جہاں پارٹی صدر کے سی آر خطاب کے بعد بی فارم حوالے کرنے والے تھے۔ پارٹی نے 115 امیدواروں کی فہرست 21 اگسٹ کو جاری کردی تھی لیکن آج محض 55 امیدواروں کو بی فارم کی حوالگی سے دیگر امیدواروں میں تشویش پائی جاتی ہے اور پارٹی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ چیف منسٹر امیدواروں میں مزید تبدیلیاں کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ بھون پہنچنے والے تمام امیدواروں میں محض 51 امیدواروں کو بی فارم حوالے کئے گئے اور کہا گیا کہ صرف 51 بی فارم ہی تیار ہوئے ہیں باقی افراد کو بعد میں بی فارم حوالے کیا جائے گا۔ 21 اگسٹ کو امیدواروں کے اعلان کے بعد 50 دن گذرنے کے باوجود بی فارمس کی عدم تیاری پر مختلف اندیشوں کا اظہار کیا جارہا ہے۔ قائدین کا کہنا ہے کہ برسراقتدار پارٹی کی جانب سے 115 بی فارمس کی تیاری کیلئے 50 دن بھی ناکافی ہونا باعث حیرت ہے۔ چیف منسٹر زیادہ تر پرگتی بھون میں ہی رہے لہذا بی فارمس پر دستخط کرنے میں بھی دشواری نہیں تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے بعض امیدواروں کی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے لہذا داخلی ناراضگی کو برسر عام ہونے سے بچانے کیلئے محض 51 بی فارمس حوالے کئے گئے۔ دیگر امیدواروں کو بی فارم کی عدم اجرائی پارٹی قائدین اور کیڈر میں موضوع بحث بن چکی ہے۔ کے سی آر نے آج سے پارٹی کی انتخابی مہم کا حسن آباد سے آغاز کردیا ہے لہذا بی فارمس سے محروم امیدواروں میں تشویش صاف طور پر دکھائی دے رہی تھی۔ وہ پارٹی کے سینئر قائدین سے بی فارم کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ کے ٹی آر نے بعض قائدین کو بی فارم کی اجرائی کا بھروسہ دلایا۔