بی آر ایس کے منحرف ارکان کے خلاف ہائی کورٹ میں آئندہ سماعت پیر کوہوگی

   

حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی آر ایس کے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف دائر کردہ درخواست کی سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کردی ہے۔ بی آر ایس قائدین نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ڈی ناگیندر ، کڈیم سری ہری اور ٹی وینکٹ راؤ کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی اپیل کی۔ ہائی کورٹ میں آج سماعت کے موقع پر ایڈوکیٹ جنرل سدرشن ریڈی نے حکومت کا موقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کو منحرف ارکان کے معاملہ میں کارروائی کیلئے ہائی کورٹ کی جانب سے ہدایت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے اسپیکر کے اختیارات اور ہائی کورٹ کے حدود کے بارے میں دستور اور قانون سے حوالے پیش کئے ۔ فریقین کی سماعت کے بعد عدالت نے 15 جولائی کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ بی آر ایس نے منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کیلئے اسپیکر جی پرساد کمار سے نمائندگی کی تھی۔ ہائی کورٹ میں شکایت کی گئی کہ اسپیکر اسمبلی منحرف ارکان کارروائی میں تاخیر کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے بی آر ایس کے وکلاء نے کہا کہ اسپیکر کو اندرون تین ماہ کارروائی کرنی چاہئے ۔ بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیئے بغیر کانگریس میں شامل ہونے والے ارکان کو انسداد قانون انحراف کے تحت نااہل قرار دیا جانا چاہئے ۔ حکومت اور درخواست گزاروں کے موقف کی مزید سماعت 15 جولائی کو ہوگی۔ 1