بی آر ایس کے منحرف رکن اے گاندھی پر امکانی حملہ کی اطلاعات سے پولیس چوکس

   

حیدرآباد۔/20 اپریل، ( سیاست نیوز) شیر لنگم پلی اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے منحرف رکن اسمبلی اے گاندھی پر نامعلوم افراد کی جانب سے امکانی حملہ کی اطلاعات کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ بی آر ایس سے اسمبلی کیلئے منتخب ہونے والے اے گاندھی نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی اور انہیں اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے۔ بی آر ایس میں 10 منحرف ارکان کے خلاف اسپیکر اسمبلی پرساد کمار سے شکایت کی ہے اور یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج شام چار نامعلوم افراد کی جانب سے رکن اسمبلی پر امکانی حملہ سے متعلق ایک مسیج واٹس ایپ گروپ میں گشت کررہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اروند کمار، سائی رتیش ریڈی، کے ومشی اور جی ناگراجو نے رکن اسمبلی پر حملہ کی منصوبہ بندی کی ہے۔ واٹس ایپ پر حملہ کے بارے میں مسیج عام ہوتے ہی رکن اسمبلی کے حامیوں نے پولیس کو چوکس کردیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے بھی ان مسیجس پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور پولیس سے فوری چوکسی کی خواہش کی ہے۔ حکومت کی جانب سے اے گاندھی کو اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا صدرنشین مقرر کئے جانے کے بعد سے بی آر ایس حلقوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی کانگریس قائدین بھی منحرف رکن کو اہم ذمہ داری دیئے جانے کی مخالفت کررہے ہیں۔1