بی آر ایس کے ناراض لیڈر ناگیشور راؤ سے ریونت ریڈی کی ملاقات،عنقریب کانگریس میں شمولیت

   

حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ناراض قائد سابق وزیر ٹی ناگیشور راؤ عنقریب کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔ کھمم ضلع سے تعلق رکھنے والے ناگیشور راؤ کو اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس نے ٹکٹ سے محروم کردیا۔ وہ پالیرو اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کے خواہاں تھے۔ ناگیشور راؤ کو منانے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے کئی سینئر قائدین کو ذمہ داری دی۔ وزیر برقی جگدیشور ریڈی اور لوک سبھا میں بی آر ایس لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے ٹی ناگیشور راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں برقرار رہنے کی ترغیب دی لیکن ناگیشور راؤ نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج ناگیشور راؤ کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی، ان کے ہمراہ سابق وزیر سدرشن ریڈی ، ڈاکٹر ملو روی ، صدر خیریت آباد ضلع کانگریس روہن ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر تازہ ترین سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی اور ریونت ریڈ ی نے کانگریس میں شمولیت کی دعوت دی ۔ ناگیشور راؤ نے تیقن دیا کہ وہ جلد ہی اپنے حامیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کا اعلان کریں گے۔