بی آر ایس کے یوم تاسیس پر کے کویتا کی پارٹی قائدین و کارکنوں کو مبارکباد

   

نظام آباد ۔ 28 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے بی آرایس کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی قائدین و کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی کے سی آر نے انتہائی نا مساعد حالات اور محدودوسائل کے باوجود اس کا قیام عمل میں لایا تھا جس کا واحد ایجنڈہ علیٰحدہ ریاست کا حصول تھا۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد وزیر اعلی کے سی آر نے اپنے 9 سالہ دور حکومت کے مختصر سے عرصہ میں تلنگانہ ریاست کو ہر شعبہ میں ترقی فراہم کرتے ہوئے ملک میں سرفہرست مقام پر پہنچایا۔ انہوں نے اس موقع پرپارٹی کے کارکنوں پر زور دیاکہ وہ قومی سطح پر پارٹی کے استحکام اوراس کے عروج کیلئے پارٹی سپریمو کے دست و بازو بن جائیں تاکہ ملک کوحقیقی ترقی کی سمت لے جایاجاسکے۔ رکن کونسل نے ٹوئیٹر پر ایک پوسٹ شئیر کرتے ہوئے بی آر ایس پارٹی کے تمام ممبران جو ملک کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کررہے ہیں، کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے حصول اور اس کی ترقی کے بعد اب ملک کے روشن مستقبل کے لئے قدم آگے بڑھا رہے ہیں۔