بی آر ایس کے 25 ارکان اسمبلی 5 جون کو کانگریس میں شامل ہوں گے: وینکٹ ریڈی

   

ریونت ریڈی 10 سال تک چیف منسٹر
بی آر ایس کے 6 لوک سبھا امیدوار ربط میں
حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 10 برسوں تک ریونت ریڈی تلنگانہ کے چیف منسٹر برقرار رہیں گے۔ صحافیوں کی تنظیم کی جانب سے منعقدہ میٹ دی پریس پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بی آر ایس سے بڑے پیمانے پر ارکان اسمبلی کے انحراف کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 جون کو بی آر ایس کے 25 ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے اور بی آر ایس کی دکان خالی ہوجائے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے 6 لوک سبھا امیدواروں نے کانگریس میں شمولیت کیلئے ان سے ربط پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں لوک سبھا اور اسمبلی کی نشستوں کی از سر نو حد بندی کے بعد اسمبلی نشستیں بڑھ کر 154 ہوجائیں گی۔ 154 نشستوں میں 125 پر کانگریس کامیاب ہوگی۔ شراب اسکام میں کویتا کی گرفتاری کو محض ایک ڈرامہ قرار دیتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کویتا کو دیکھیں تو انہیں ہنسی آرہی ہے۔ کویتا بتکماں کے درخت کے اطراف گھومنے والی نہیں ہیں بلکہ وہ بتکماں میں شراب کی بوتل کے ساتھ گھوم رہی تھیں جس کا اندازہ کسی کو نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی سرینواس یادو کس طرح کے سی آر وزارت میں شامل کئے گئے ہر کوئی جانتا ہے۔ انہوں نے وزارت میں بھیڑ بکریوں کو بھی نہیں بخشا اور وہاں بڑا اسکام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت کانگریس ارکان اسمبلی کو کیمپ میں رکھا گیا تھا وہ 3 راتوں تک اپنے روم سے باہر نہیں نکلے۔ بعض قائدین نے دہلی پہنچ کر پیروی کی لیکن وہ پیروی کیلئے کہیں رجوع نہیں ہوئے۔ 1