بی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی کی کانگریس میں عنقریب شمولیت

   

سنگاریڈی ضلع کے ارکان اسمبلی ریاستی وزیر دامودر راج نرسمہا سے ربط میں،لوک سبھا چناؤ میں بی آر ایس کے مظاہرہ سے مایوس
حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز ) سنگاریڈی ضلع سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات سیاسی حلقوں میں تیزی سے گشت کررہی ہیں۔ پٹن چیرو اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی جی مہیپال ریڈی ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا سے ربط میں ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ بہت جلد کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ مہیپال ریڈی نے اپنے حامیوں کے ہمراہ ریاستی وزیر سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ مہیپال ریڈی کے حامیوں کا ماننا ہے کہ حلقہ کے ترقیاتی مسائل پر بات چیت کی گئی لیکن دیگر ذرائع کے مطابق بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی امکانی شمولیت پر بات چیت ہوئی ہے۔ قبل ازیں مہیپال ریڈی نے ساتھی ارکان اسمبلی سنیتا لکشما ریڈی، پی مانک راؤ اور کے پربھاکر ریڈی کے ساتھ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی تھی جس کے بعد سے ہی ان چاروں کی کانگریس میں شمولیت کی افواہیں گرم ہیں۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد وہ بی آر ایس کی سرگرمیوں سے دور ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ ہریش راؤ کے دباؤ کے تحت انہوں نے فوری شمولیت اختیار نہیں کی تھی۔ اب جبکہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس کا عملاً صفایا ہوگیا لہذا چاروں ارکان اسمبلی نے کانگریس میں شمولیت کی تیاری کرلی ہے۔ کانگریس کے ذرائع کے مطابق سنگاریڈی ضلع کے بی آر ایس کے عوامی نمائندے وزراء سے ربط میں ہیں۔1