بی آر ایس ہی تلنگانہ عوام کی محافظ ، کانگریس اور بی جے پی دغاباز: کویتا

   

پارٹی کے سلور جوبلی جلسہ عام میں کمبھ میلے کی طرح آنے کی عوام سے اپیل
حیدرآباد۔ 24 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کہا کہ گلابی پارٹی ہی تلنگانہ عوام کی محافظ ہے۔ انہوں نے پارٹی کی سلور جوبلی تقریب میں کمبھ میلے کی طرح اُمڈ کر آنے کی عوام سے اپیل کی۔ کویتا نے آج ضلع ورنگل کے ایلکا ترتی میں پارٹی کے سلور جوبلی جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے اور عوام بھی اس بات کو سمجھ چکے ہیں۔ کانگریس کے 16 ماہ کے دورِ حکومت میں 16 کام بھی مکمل نہیں کئے گئے۔ کے سی آر نے ملک کی خدمت کیلئے علاقائی جماعت ’’ٹی آر ایس‘‘ کو قومی جماعت ’’بی آر ایس‘‘ میں تبدیل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چند قائدین بی آر ایس سے سوال کررہے ہیں کہ کیوں سلور جوبلی تقاریب منائی جارہی ہے۔ کانگریس اور بی جے پی کے قائدین بی آر ایس کیلئے عوام کی بڑھتی ہوئی ہمدردی کی لہر سے بوکھلاہٹ کا شکار ہورہی ہیں۔ بی آر ایس کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی آر ایس نے خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے پارٹی سربراہ کے سی آر نے روڈ میاپ تیار کیا ہے۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے 2001ء میں کے سی آر نے ٹی آر ایس پارٹی تشکیل دی تھی۔ مختصر جدوجہد کے بعد 2014ء میں علیحدہ ریاست تلنگانہ قائم ہوئی۔ پہلے 10 سال کے سی آر نے تلنگانہ کو ترقی دینے، عوام کی خوشحالی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے، کانگریس کے 16 ماہی حکومت میں ریاست تمام شعبوں میں بحران کا شکار ہوگئی ہے۔ عوام ایک بار پھر کے سی آر کی طرف اُمید کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے خواتین کو ماہانہ 2,500 روپئے کی مالی امداد، شادیوں میں ایک تولہ سونا بطور تحفہ، کالج کی لڑکیوں کو اسکوٹی دینے کا وعدہ کرکے انہیں دھوکہ دیا۔ انہوں نے وہ تمام طبقات جنہیں حکومت سے دھوکہ ملا ہے، اُنہیں بی آر ایس کے سلور جوبلی جلسہ عام میں شریک ہوکر جلسہ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ کے سی آر نے خواتین کی ترقی اور بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں۔ میونسپالٹیز اور مارکٹ کمیٹیوں میں خواتین کو ریزرویشن فراہم کیا۔ بی سی، ایس سی، ایس ٹی، مائناریٹی لڑکیوں کیلئے ریسیڈنشیل ہاسٹلس قائم کئے جس کو بعد میں ڈگری سطح تک توسیع دی گئی۔2

کلیانا لکشمی، شادی مبارک جیسی اہم اسکیموں کو متعارف کرایا۔ 2