بی آر ایس ۔ بی جے پی ایک سکہ کے دو رخ

   

ریاست کے عوام گمراہ نہیں ہونگے ۔ محمد علی شبیر کا رد عمل
حیدرآباد 24 جون(سیاست نیوز) بی جے پی اور بی آر ایس دونوں ایک ہیں۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کیوں مرکزی وزراء سے خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں! سابق وزیر و کانگریس قائد جناب محمد علی شبیر نے کے ٹی آر کے دورۂ دہلی اور مرکزی وزراء سے ملاقاتوں پر شدید ردعمل میں کہا کہ کے ٹی آر مرکزی وزراء سے خفیہ ملاقاتوں کے ذریعہ معاہدہ کی کوشش میں مصروف ہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ میں بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے خلاف کارروائی نہ کرکے مرکز نے ثابت کردیا کہ دونوں ایک سکہ کے دو رخ ہیں اور بی آر ایس ‘ بی جے پی کے ساتھ خفیہ مفاہمت کرکے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ انہوں نے ٹیکریال میں تعمیر ڈبل بیڈ روم فلیٹس کو حاصل کرنے سے عوام کے انکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ڈبل بیڈروم فلیٹس کے نام پر کی گئی یہ تعمیرات منہدم ہوتی ہیں اور اس میں کوئی نقصان ہوتا ہے تو بی آر ایس قائدین اور حکومت ذمہ دار ہوگی۔ جناب محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں غیر معیاری اشیاء کے استعمال پر کنٹراکٹرس کو مجبور کیا گیا تاکہ ان سے کمیشن حاصل کیا جاسکے۔انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے سبب عوام کو نقصان ہورہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے ذمہ دار ریاست کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔بی آر ایس اور بی جے پی خفیہ مفاہمت سے ملک بھر میں عوام کو گمراہ کرنے کی سازش میں مصروف ہیں جبکہ تلنگانہ میں ان کی یہ سازشیں کاکرد ثابت نہیں ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر ایس اقتدار کے حصول کیلئے بی جے پی کے ساتھ ملکر کانگریس کو کمزور کرنے کی کوشش کرر ہی ہے جبکہ تلنگانہ عوام دونوں جماعتوں کی حقیقت سے واقف ہوچکے ہیں۔