بی آر ایس ۔ تلگو دیشم پر تلنگانہ کے خلاف سازش رچنے کا الزام

   

کے ٹی آر نے نارالوکیش سے خفیہ ملاقات کیوں کی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک کا سوال
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے بنکاچرلہ پراجکٹ کے تعلق سے ریمارکس کرکے بی آر ایس اور تلگو دیشم پر تلنگانہ کے خلاف سازش کا الزام عائد کیا ہے ۔ آندھرا پردیش کے وزیر تعلیم نارا لوکیش سے بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے خفیہ ملاقات کیوں کی ؟ استفسار کیا ۔ اس کی عوام سے وضاحت پر زور دیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ کولہا پور میں چند ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارک نے کہا کہ آندھرا پردیش کے وزیر نارا لوکیش کسی بھی حالت میں بنکاچرلہ پراجکٹ تعمیر کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں جس پر ہمیں شکوک ہیں ۔ اقتدار میں رہ کر تلنگانہ کو لوٹنے والی بی آر ایس اقتدار سے بیدخلی کے بعد تلنگانہ مفادات کو نقصان پہونچانے کوشاں ہے جس کو حکومت ہرگز برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں تلنگانہ پوری طرح مقروض ہوگیا ۔ کانگریس ان قرضوں کی اقساط و سود بھی ادا کررہی ہے ۔ 10 سال حکمرانی کرنے والی بی آر ایس نے ایک پراجکٹ بھی تعمیر نہیں کیا ۔ کم از کم کانگریس حکومت میں سنگ بنیاد رکھے گئے پراجکٹس کو بھی مکمل نہیں کیا ۔ بی آر ایس حکومت نے دریائے کرشنا پر ایک بھی پراجکٹ تعمیر نہ کرنے کی وجہ طلب کی ۔ پالمور ۔ رنگاریڈی کے پراجکٹ کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ۔ اس پراجکٹ کو مکمل کرنے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وعدہ کیا ۔ بنکاچرلہ پراجکٹ غیر قانونی پراجکٹ ہے اس کو تعمیر ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ چیف منسٹر ‘وزیر آبپاشی نے دہلی میں اس کی تعمیر کو رکوانے اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے لوکیش کو گمراہ کن بیانات سے احتراز کرنے کا مشورہ دیا ۔۔ 2