بی آر ایس ۔ مجلس کی بی جے پی سے خفیہ ساز باز

   

تلنگانہ میں دس سال کے دوران مسلمان یکسر نظرانداز، کانگریس صدر جموں و کشمیر وقار رسول کا الزام

نلگنڈہ ۔ 21 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس اور مجلس کی بی جے پی کی خفیہ ساز باز ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ایوان پارلیمنٹ میں مخالف مسلم بلوں کی بی آر ایس نے تائید کی ہے اور اپنے دس سالہ دور اقتدار میں تلنگانہ میں اقلیتوں کو تمام شعبوں میں نظرانداز کیا گیا ہے۔ کانگریس کو اکثریت حاصل ہونے پر سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر پردیش کانگریس کمیٹی جموں و کشمیر جناب وقار رسول وانی نے حلقہ اسمبلی نلگنڈہ میں انتخابی مہم کے بعد صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی منموہن سرکار نے تلنگانہ کی عوام کی قربانیوں اور جدوجہد کو پیش نظر رکھتے ہوئے علیحدہ ریاست کا قیام عمل میں لایا۔ علیحدہ ریاست کے قیام کے بعد ٹی آر ایس نے اقتدار پر فائز ہونے کے لئے عوام بالخصوص اقلیتوں سے کئی ایک وعدے و تیقنات دیئے جو وفا نہ ہوسکے۔ یہاں تک کے 12 فیصد تحفظات کا اندرون 6 ماہ دینے کا وعدہ بھی وفا نہ کرسکی۔ 2018 میں بھی انتخابات میں اقلیتوں کی ہمدردی حاصل کرنے کے لئے وعدے کئے لیکن وہ بھی ممکن نہیں کرسکی۔ اس کے برخلاف بی آر ایس نے مودی کی زیر نگرانی مرکزی سرکار کی جانب سے پارلیمنٹ میں اقلیتوں کے خلاف پیش کردہ تمام بلوں کی تائید کی اور ریاست سے اقلیتوں کی نمائندگی کو بھی نہ کے برابر کردیا۔ ریاست کے 7 راجیہ سبھا نشستوں پر ایک بھی مسلمان کو نامزد نہیں کیا گیا۔ قانون ساز کونسل میں صرف ایک کو ہی نمائندگی دی گئی۔ علیحدہ ریاست کے قیام کے موقع پر 77 ہزار ایکڑ وقف اراضیات کو واپس وقف بورڈ کے حوالے کرنے کا تیقن دیا گیا لیکن ناجائز قابضین کو این او سی جاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی نلگنڈہ میں بھی عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے اس پر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہونے پر اعلان کردہ 6 گیارنٹیوں کے علاوہ اقلیتی ڈیکلریشن کی عمل آوری کی جائے گی، کرناٹک ریاست میں انتخابات کے موقع پر کئے گئے وعدوؤں کو اندرون تین ماہ مکمل کئے گئے۔ اسی طرح تلنگانہ میں بھی کانگریس پارٹی اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کروائی جائے گی۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ میں بالخصوص نلگنڈہ میں کانگریسی امیدواروں کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے خواہش کی۔ کانگریس اقلیتی قائد جناب محمد عزیز الدین بشیر نے بی آر ایس پارٹی امیدوار موجودہ رکن اسمبلی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کانگریس پارٹی امیدوار رکن پارلیمنٹ بھونگیر کے وینکٹ ریڈی کو بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کی اپیل کی۔ اس پریس کانفرنس میں ارکان بلدیہ مسرز محمد محبوب علی امتیاز، محمد شکیل، محمد صمد، محمد عامر کانگریس، قیوم بیگ قائدین جناب سید امین الدین بابا، محمد شریف الدین، سابقہ رکن بلدیہ محمد امتیاز سابقہ رکن بلدیہ محمد معین الدین، شفیع نواز خاں، اے اے خاں و دیگر موجود تھے۔