بی آر ایس ۔ کانگریس اور مجلس کا ایک ہی ڈی این اے

   

تلنگانہ میں بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت قائم ہوگی : جی کشن ریڈی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر و تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پکوان گیس کی قیمتوں میں کمی پر بی آر ایس قائدین کو بات کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ رکھشا بندھن کے موقع پر مرکزی حکومت نے ملک کی خواتین کو تحفہ پیش کیا ہے ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ کانگریس ۔ بی آر ایس اور مجلس کا ایک ہی ڈی این اے ہے اور تینوں جماعتیں خفیہ اتحاد کرتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام باشعور ہیں ۔ تینوں جماعتوں کی دھوکہ دہی کو جان گئے ہیں ۔ تلنگانہ میں ڈبل انجن کی حکومت قائم ہوگی ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ پکوان گیس کی قیمتوں میں کمی کے بعد بی آر ایس اور کانگریس کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کررہے ہیں ۔ سارے ملک میں سب سے زیادہ پٹرول پر ٹیکس تلنگانہ میں وصول کیا جارہا ہے ۔ ریاست کا سرکاری خزانہ خالی ہوگیا ہے ۔ اراضیات ، شراب فروخت کرنے کے علاوہ آر ٹی سی بس کرایوں ، رجسٹریشن فیس میں اضافہ کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دی جارہی ہیں ۔ چھ ماہ قبل ہی شراب کی دکانات کے لیے ہراج کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی تیزی سے بی آر ایس کی متبادل بن کر ابھر رہی ہے ۔ تلنگانہ کے عوام کانگریس اور بی آر ایس کی حکمرانی سے عاجز آچکے ہیں ۔ ایک مرتبہ بی جے پی کو اقتدار حوالے کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ بی جے پی کی کامیابی کو کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی ۔۔ ن