بی آر ایس 100 سے زائد اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کریگی: کے سی آر

   

ملک بھر میں 24 گھنٹے برقی کی سربراہی، دلت بندھو پر عمل ، بی سی طبقات کی مردم شماری۔ پارٹی اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے قومی سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے پھر ایک مرتبہ واضح کردیا کہ انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے اور بی آر ایس 100 سے زائد اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ بی آر ایس پارٹی کے توسیعی اجلاس میں شریک مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تشکیل حکومت کیلئے اکثریت حاصل کرنا بی آر ایس کیلئے کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ پارٹی کے تمام قائدین کو 100 سے زائد اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے پر ساری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں کو ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ تمام موجودہ ارکان اسمبلی کو ٹکٹ فراہم کرنے کے وعدہ پر وہ اٹل ہیں مگر ارکان اسمبلی کی کارکردگی بھی متاثرکن ہونی چاہیئے، اگر کوئی ارکان اسمبلی بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ چیف منسٹر نے بالواسطہ ارکان اسمبلی کو انتباہ بھی دے دیا ہے۔ بی آر ایس کے قومی سربراہ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد منعقدہ پہلے اسمبلی انتخابات میں 63 اسمبلی حلقوں پر پارٹی نے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے اسمبلی انتخابات میں 88 اسمبلی حلقوں پر کامیابی درج کی گئی اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں 100 سے زائد اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی جائے گی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں پارٹی کی کامیابی کیلئے دو قائدین ذمہ داری قبول کریں۔ گاؤں میں شب بسری پروگرام کا اہتمام کرتے ہوئے پارٹی کے ارکان اسمبلی و دیگر قائدین عوام کے درمیان اپنے آپ کو موجود رکھیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ برقی کی سربراہی، سڑکوں کے جال، دھان کی خریدی، زراعت کے علاوہ دوسرے شعبوں میں تلنگانہ نے ملک بھر می توقع سے زیادہ ترقی کی ہے۔ تلنگانہ کی ترقی دیکھنے کیلئے مہاراشٹرا کے لوگ یہاں آکر حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔ کیڈر میں جو ناراضگی ہے اس کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں۔ ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے کی حکمت عملی تیار کریں۔ ہمیں اقتدار حاصل کرنے کیلئے کوئی بڑا ٹاسک نہیں ہے، 100 سے زیادہ اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرنا سب سے بڑا ٹاسک ہے۔ پیاس لگنے پر باؤلی کھودنا قدیم روایت ہے، عوام بی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ بی آر ایس کو عوام میں بڑے پیمانے پر پہنچانے مستقل ٹی وی اشتہارات، فلم پروڈکشن بھی پارٹی سے کیا جاسکتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ٹی وی چینل بھی شروع کیا جاسکتا ہے۔ اس اجلاس میں کئی قراردادوں کو مباحث کے بعد منظوری دی گئی۔ ملک کی ہر ریاست میں بڑے بڑے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کرنے، ملک بھر میں 24 گھنٹے برقی کی سربراہی، بیرونی ممالک میں ملک کی پیداوار کی منتقلی، ملک بھر میں دلت بندھو پر عمل آوری، ملک بھر میں بی سی طبقات کی مردم شماری کی تائید کی گئی ہے۔ن