بی آر ایس 3 ڈسمبر کو اقتدار سے محروم ہوجائے گی

   

پی ڈی ایکٹ کے ملزمین کو اسٹیج پر طلب کرکے ہندوؤں کو متحدکرنے کی کوشش، بھینسہ میں بنڈی سنجے کی انتخابی مہم

بھینسہ۔ 18نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ بی جے پی پارٹی سابق ریاستی صدر و قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے کمار رکن پارلیمنٹ نے حلقہ اسمبلی مدہول بی جے پی انتخابی امیدوار پی راما راؤ پٹیل کے انتخابی جلسہ عام میں شرکت کی جو بھینسہ شہر کے پارڈی باڈی پاس سڑک پر واقع ایک وسیع میدان میں منعقد تھا جس میں بی جے پی کے ریاستی اور ضلعی قائدین کے علاوہ بھینسہ بلدیہ بی جے پی کونسلرس ، ہندو واہنی ، آر ایس ایس کارکنان کے علاوہ تعلقہ سے تعلق رکھنے والے مختلف منڈلوں کے بی جے پی قائدین و کارکنان بشمول خواتین نے شرکت کی۔ اس انتخابی جلسہ عام سے بنڈی سنجے نے آج کہا کہ یہ یقینی ہے کہ کے سی آر اسمبلی انتخابات کے بعد سابق وزیر اعلیٰ ہوجائیں گے کیونکہ بی آریس پارٹی 3 ڈسمبر کو اقتدار سے محروم ہوجائیگی جبکہ کانگریس پارٹی نہ گھرکی رہے گی نہ گھاٹ کی کیونکہ کانگریس دور اقتدار میں تلنگانہ تحریک کے دوران کئی افراد نے قربانیاں پیش کیں جس کی وجہ سے علحدہ تلنگانہ حاصل ہوا ہے اوربی جے پی قائد سشما سوراج کے پارلیمنٹ میں دباؤ پر تلنگانہ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں رام راج چاہتے ہو بی جے پی کو ووٹ دین کیونکہ مودی کی قیادت میں ملک اور ریاست میں رام راج کاقیام ممکن ہے اور بی جے پی اقتدار پرآتے ہی سب سے پہلے یعنی 4 ڈسمبرکو بھینسہ کا نام تبدیل کرتے ہوئے مہیشا کردیگی۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی اسکیمات کو تلنگانہ وزیر اعلی کے سی آر نے اسکیمات کے ناموں کو تبدیل کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ انہوں نے کے سی آر کو دور حاضر کا نظام قراردیا اور کہاکہ بھینسہ میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران ہندوؤں پر کافی ظلم و ستم ہوا ہے اور فسادات میں جو ہندو نوجوان پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل گئے تھے انھیں اسٹیج پر طلب کرتے ہوئے ان پر پولیس کی جانب سے ظلم کرنے الزام عائد کیا اور ان پر ظلم ہونے کی داستان سناتے ہوئے انتہائی جذباتی لفظوں کا استعمال کیا اور ہندووں کو متحد ہوکر زعفرانی پرچم کو تھامنے کی اپیل کی کیونکہ ہندودھرم کی حفاظت اور اس کا تحفظ اب ہم سب کی ذمہ دارای ہے اس لیے گھر گھر زعفرانی پرچم لہرانے پر زور دیا ۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں آنے پر تعلقہ کو مزید ترقی دیتے ہوئے بھینسہ میں گاو شالہ کی تعمیر و ترقی کے ذریعہ تمام انتظامات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ایک بار جیتنے کے بعد وہ فوری طور پر باسرکی ترقی، ٹرپیل آئی ٹی مسئلہ، اسکولوں کی تعمیر، سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔