بی آر ایس 82 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی : کے ٹی آر

   

کانگریس سے 54 حلقوں پر بی جے پی سے 18 حلقوں پر مقابلہ بالآخر بی آر ایس ہی حکومت شکیل دے گی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ انتخابات میں بی آر ایس پارٹی 82 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں 1,60,083 لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ۔ پینے کے پانی کی سربراہی کے لیے 37 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کے لیے 1.70 لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ سماج کے تمام طبقات کے لیے فلاحی اسکیمات متعارف کرائی گئی ۔ کے ٹی آر نے آج تلنگانہ کی ترقی پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ حصول تلنگانہ ریاست کے لیے پانی ، ملازمتیں اور فنڈز کو موضوع بناتے ہوئے تحریک چلائی گئی ۔ 10 سالہ دور حکومت میں 1,60,083 سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ۔ مزید 40 ہزار ملازمتوں پر تقررات کا عمل جاری ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستوں میں اتنے بڑے پیمانے پر سرکاری ملازمتیں فراہم نہیں کی گئی ۔ بی آر ایس سیکولر نظریات رکھنے والی جماعت ہے ۔ لا اینڈ آرڈر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ تلنگانہ کانگریس کے صدر اے ریونت ریڈی وزیراعظم نریندر مودی کے ایجنٹ ہے ۔ جس کی وجہ سے آج تک انہوں نے نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا ۔ ساتھ ہی مسلمانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے والے بی جے پی کے قائدین راجہ سنگھ ، ڈی اروند اور بنڈی سنجے کے خلاف کمزور امیدواروں کو انتخابی مہم میں اتارا گیا ہے ۔ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ہیں ۔ حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام مطمئن ہیں ۔ بی آر ایس 82 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ تمام سروے بی آر ایس کے حق میں آئے ہیں ۔ تلنگانہ میں 15 تا 18 اسمبلی حلقوں میں بی آر ایس کا بی جے پی سے راست مقابلہ ہے ۔ مگر آخر میں بی آر ایس ہی کامیابی حاصل کرے گی ۔ ایٹالہ راجندر دونوں حلقوں سے ناکام ہوں گے ۔ بنڈی سنجے کو بھی شکست ہوگی ۔ منوگوڑ میں بھی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے خلاف عوام میں ناراضگی ہے ۔ 18 اسمبلی حلقوں میں صرف 2 حلقوں پر بی جے پی آگے ہے ۔ جب کہ مجلس 7 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان 94 حلقوں میں راست مقابلہ ہے ۔ جس میں 40 حلقوں پر کانگریس نے امید چھوڑ دی ہے ۔ ماباقی 54 حلقوں میں مقابلہ ہے ۔ اس مرتبہ نلگنڈہ ضلع میں بی آر ایس 7 تا 9 اسمبلی حلقوں میں کامیابی حاصل کرے گی ۔ مجموعی طور پر ریاست میں بی آر ایس کا حوصلہ افزا موقف ہے ۔۔ ن