حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بی آر کے بھون جہاں سے سکریٹریٹ کا کام انجام دیاجارہا ہے کا ایک اور ملازم کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا۔ اس بھون کے تاحال بعض ملازمین اس وبا سے متاثر پائے گئے جسکے بعد ان کے متعلقہ محکمہ جات کو بند کردیاگیا اور بقیہ محکمہ جات میں کم ملازمین کے ساتھ کام کیاجارہا ہے ۔محکمہ فینانس میں برسر کار دو ملازمین موذی مرض سے متاثرپائے گئے جس کے بعد اس محکمہ کے ملازمین دفتر نہیں آرہے ہیں۔بقیہ ملازمین صرف ہنگامی نوعیت کے کام کے لئے ہی دفتر آرہے ہیں۔تازہ طورپر آئی ٹی کے محکمہ میں کام کرنے والا ملازم اس وائرس سے مثبت پایاگیاجسکے بعد چوکس حکام نے بی آرکے بھون کے باب الداخلہ کے قریب تھرمل اسکریننگ کیمروں کے ذریعہ اس دفتر میں آنے والوں کی جانچ کا کام شروع کردیا ہے ۔اس جانچ کے بعد ہی ملازمین کو اندر جانے کی اجازت دی جارہی ہے ۔