متعدد غیر مجاز تعمیرات، فضائی تصاویر سے جانچ میں حیرت ناک انکشافات
حیدرآباد۔24نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں 3سال قبل داخل کی جانے والی بی آر ایس کی تمام درخواستوں کو مسترد کردیا جائے گا!مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے وصول کی گئی بی آر ایس کی درخواستوں کو نظر ثانی کرنے کے بعد مسترد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے کیونکہ عدالت نے جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان درخواستوں کی جانچ کرے اور ان کی مکمل تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جو بی آر ایس کی درخواستیں وصول کی گئی تھیں اس دوران کئی غیر تعمیر شدہ عمارتوں کے نقشہ اور تصاویر داخل کرتے ہوئے عمارتوں کو باقاعدہ بنانے کی درخواستیں داخل کئے جانے کی شکایات موصول ہوئی تھیں اور ان شکایات کو دور کرنے کیلئے عدالت کے احکام کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر کی فضائی تصاویر حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ ان تمام درخواستوں کی جانچ کو یقینی بنایاجاسکے لیکن اب جو صورتحال پیدا ہوچکی ہے اس کے مطابق کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر حیدرآباد کے حدود میں جو درخواستیں داخل کی گئی ہیں ان میں ایک ایک درخواست کا فضائی تصاویر اور جگہ پر موجود عمارات کو دیکھنے کے بعد ان کی تنقیح کی جائے گی اور اس تنقیح کے بعد ہی یہ قطعی فیصلہ کیا جائے گا کہ کس طرح ان درخواستوں کی یکسوئی کی جائے گی۔