جالندھر،17اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)پنجاب کے امرتسرسیکٹر کی سیکورٹی چوکی کاہن گڑھ کے علاقہ میں بین الاقوامی سرحد پر سرحدی سلامتی فورس(بی ایس ایف )نے ہندستانی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کررہے پاکستانی درانداز کو ہلاک کردیا۔بی ایس ایف کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اور ترجمان بھاسکر سنگھ راوت نے جمعرات کو یہاں بتایاکہ ریاست کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کی دراندازی کے مدنظر بی ایس ایف پنجاب فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل مہیپال یادو کی ہدایت پر ریاست کی سرحدوں پر سیکورٹی بڑھادی گئی ہے ۔انھوں نے بتایاکہ جوانوں نے دیکھا کہ آج دوپہر ایک درانداز سرحد پار کرکے ہندستانی سرحدمیں داخل ہوگیا۔انھوں نے بتایاکہ بی ایس ایف کے جوانوں نے درانداز کوروکنے کی کوشش کی لیکن وہ آگے بڑھتاگیا۔جوانوں نے اپنے دفاع کے لیے گولی چلائی جس تقریبا 19سالہ درانداز کی موت ہوگئی ۔