نئی دہلی ۔4 ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) پبلک سیکٹر کی ٹیلی کام کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) اور مہا نگر ٹیلی فون نگم لمیٹڈ (ایم ٹی این ایل) کے انضمام سے قبل آدھے ملازمین نے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ (وی آر ایس ) کے لئے درخواست دی ہے ۔ وزیر مواصلات روی شنکر پرساد نے چہارشنبہ کو لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران یہ اطلاع دی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بی ایس این ایل میں ایک لاکھ 65 ہزار اور ممبئی اور دہلی میں خدمات فراہم کرنے والی ایم ٹی این ایل میں 21 ہزار ملازمین ہیں ۔ بی ایس این ایل کی آمدنی کا 75 فیصد اور ایم ٹی این ایل کی آمدنی کا 87 فیصد ملازمین کی تنخواہ اور مراعات پر خرچ ہو جاتا ہے جبکہ پرائیوٹ مواصلاتی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں میں یہ تناسب کافی کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کمپنیوں کے مجوزہ انضمام سے پہلے دونوں کمپنیوں کے ملازمین کو رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کا متبادل دیا گیا تھا ۔ منگل کو اس کے لئے درخواستوں کا آخری دن تھا ۔ تقریبا 92 ہزار ملازمین نے وی آر ایس کے لئے درخواستیں دی ہیں ، جو ملازمین کی کل تعداد 1.86 لاکھ سے تقریبا نصف ہے ۔