مودی کی جیو ہند نعرہ کے ساتھ حکومت ، سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کا ریمارک
حیدرآباد۔14اکٹوبر(سیاست نیوز) نریندر مودی کا نعرہ جئے ہند نہیں ہے بلکہ وہ جیو ہند کے نعرہ کے ساتھ حکومت کر رہے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) جنرل سیکریٹری کامریڈ سیتا رام یچوری نے یہ ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند اور نریندر مودی بی ایس این ایل اور ایم ٹی این ایل جیسے اداروں کو بند کرتے ہوئے خانگی سرمایہ کارو ںکو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہو ںنے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے امبانی اور ریلائنس گروپ کو فائدہ پہنچایا جا رہاہے اور سرکاری اداروں کو بند کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہو ںنے ملک کی تیزی سے تبدیل ہورہی معاشی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کو ایسے چیالنجس کبھی درپیش نہیں رہے لیکن حکومت کی غلط پالیسیوں اور خانگیانے کے نظام کو اختیار کرنے کے سبب حالات تیزی سے ابتر ہوتے جا رہے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ نریندر مودی ملک کی ترقی کیلئے ’’ جئے ہند نہیں بلکہ جیوہند‘‘ کا نعرہ لگارہے ہیں جو کہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ سیتارام یچوری نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سرکاری اداروں کو جو نقصان پہنچایا جا رہاہے اس کا راست اثر ملک کے عوام پر پڑتا جا رہاہے لیکن حکومت کو اس بات کا احساس بھی نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے ان اداروں کے علاوہ دیگر اداروں کو بھی بند کئے جانے کی سمت کئی اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے خانگی کمپنیو ںکو جو فائدہ پہنچایا جا رہاہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت ریلائنس اور جیو کو مراعات دے رہی ہے اور بی ایس این ایل اور ایم ٹی این ایل کو خانگیانے کی بات کر رہی ہے۔سیتارام یچوری نے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی ابتری کی صورتحال کی بنیادی وجہ کرنسی تنسیخ ‘ جی ایس ٹی اور سرمایادارانہ نظام کی سامراجیت ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی ملک میں سامراجیت کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ان کوششوں کے خلاف متحدہ جدوجہد کی ضرورت ہے ‘ اگر ایسا نہیں کیا جائے گا تو ملک سرمایادارانہ نظام کا غلام بن کر رہ جائے گا اور بھارتیہ جنتا پارٹی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہو ںنے ملک کے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کشمیر‘ آسام اور این آر سی کے ذریعہ خوف پیداکرنے کی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ سبھاش چندر بوس نے جئے ہند کا نعرہ دیا تھا اور نریندر مودی نے اقتدار سنبھالنے کے بعد جیو ہند کا نعرہ دے رہے ہیں۔