بی ایس این ایل ‘ ایم ٹی این ایل کے 92 ہزار ملازمین کی رضاکارانہ سبکدوشی

   

نئی دہلی 3 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ اور مہانگر ٹیلیکام نگم لمیٹیڈ کی رضاکارانہ سبکدوشی اسکیم آج اختتام کو پہونچی ۔ جملہ 92,700 ملازمین نے رضاکارانہ سبکدوشی سے اتفاق کرلیا ہے ۔ ان کمپنیوں کے سینئر عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ بی ایس این ایل کے 78,300 ملازمین نے رضاکارانہ سبکدوشی اسکیم سے استفادہ کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے درخواست پیش کردی ہے جبکہ ایم ٹی این ایل کے 14,378 ملازمین نے اس اسکیم سے استفادہ کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ بی ایس این ایل کے صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر پی کے پروار نے کہا کہ ایک اندازہ کے مطابق بی ایس این ایل کے 78,300 ملازمین نے رضاکارانہ سبکدوشی اسکیم سے استفادہ کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور ان کی درخواستیں ملک بھر کے مختلف سرکلوں میں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ درخواستیں اس کی توقعات کے مطابق ہی ہیں۔ حکومت کو امید تھی کہ تقریبا 82,000 ملازمین اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ سبکدوشی کے علاوہ جملہ 6000 ملازمین وظیفہ پر سبکدوش بھی ہوئے ہیں۔ بی ایس این ایل اور ایم ٹی این ایل کی جانب سے 3 ڈسمبر تک رضاکارانہ سبکدوشی اسکیم سے استفادہ کی مہلت رکھی تھی ۔ ایم ٹی این ایل کے صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر سنیل کمار نے کہا کہ ان کی کمپنی میں اس اسکیم کا جو نشانہ رکھا گیا تھا اس سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14,378 ملازمین نے رضاکارانہ سبکدوشی کی درخواست پیش کی ہے ۔