بھوپال15فروری (سیاست ڈاٹ کام ) بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ(بی ایس این ایل) مدھیہ پردیش ٹیلی کمیونیکیشن سرکل کے جنرل مینیجر ڈاکٹر مہیش شکلا نے کہا کہ یہ ادارہ ہمیشہ اپنے گاہکوں کے ساتھ رہا ہے اور مستقبل میں بھی بہتر خدمات فراہم کرتا رہے گا۔ اسے بند کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ ڈاکٹر شکلا نے ایک پریس ریلیزمیں کہا کہ حالیہ کچھ خبروں میں بی ایس این ایل کے بند ہونے کی بات سامنے آئی ہے حالانکہ یہ بالکل بے بنیاد ہے ۔ بی ایس این ایل حکومت ہند کی کمپنی ہے اور اسے بند کرنے کی حکومت ہند کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ ملک کے کونے کونے میں بی ایس این ایل کا مضبوط نیٹ ورک ہے اور یہ پوری کامیابی سے اپنی خدمات مہیا کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بی ایس این ایل کے نیٹ ورک کی توسیع جاری ہے ۔