بی ایس پی سے خارج رام پرساد، ایس پی میں شامل

   

لکھنؤ:20 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی سے نکالے گئے و سابق وزیر رام پرساد چودھری نے پیر کو اپنے حامیوں کے ساتھ سماج وادی پارٹی کی رکنیت اختیار کرلی۔مایاوتی کی سابقہ حکومت میں محکمہ فوڈ سپلائی اور محکمہ پنچایتی راج کے وزیر رہے رام پرساد چودھری کے ساتھ تین سابق اراکین اسمبلی،چھ ضلع پنچایت اراکین سمیت تقریبا 200 افراد نے سماج وادی پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے مسٹر چودھری کو گذشتہ 23 نومبر کو نظام شکنی کے پاداش میں انہیں پارٹی سے باہر نکلا دیا تھا۔آج مسٹر چودھری بستی سے تقریبا 2 ہزار گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ ایس پی کے وکرما دتیہ مارگ پر واقع دفتر پہنچے تھے ۔ چودھری کو بستی ڈویژن میں بی ایس پی کا بڑا لیڈر مانا جاتا رہا ہے ۔ وہ بستی کے کپتان گنج اسمبلی حلقے سے پانچ بار کے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں وہ ایس پی۔بی ایس پی کے امیدوار تھے لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔مسٹر چودھری کے علاوہ سماج وادی پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے والوں میں سابق رکن اروند چودھری،سابق رکن دودھ رام، راجیندر چودھری اور نندو چودھری شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سنیچر کو مایاوتی کے قریبی رہے سی ایل ورما اور سابق وزیر رگھوناتھ پرساد شنکھوار نے بھی ایس پی کی رکنیت حاصل کی تھی۔