بی ایس پی کو مسلمانوں نے ووٹ دیا تو میں وزیر اعلیٰ کیا وزیر اعظم بھی بن سکتی ہوں: مایاوتی

,

   

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سماجوادی پارٹی پر کئی سنگین الزامات عائد کئے۔حالیہ یوپی اسمبلی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ یوپی انتخابات کو ہندو۔مسلم رنگ دینے کے لئے بی جے پی اور سماجوادی پارٹی نے ساز باز کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی اقتدار میں واپسی کے ذمہ دار سماجوادی پارٹی اور اس کے سربراہ ہیں۔ مایاوتی نے مزید کہا کہ ’’سماجوادی پارٹی لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے کہ میں صدر بنوں گی! میں صاف کرنا چاہتی ہوں کہ میں یوپی کی وزیر اعلیٰ یا ملک کی وزیر اعظم بن کر ہی ملک کی خدمت کر سکتی ہوں، لیکن صدر بننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بی ایس پی کو اگر مسلمانوں نے ووٹ دیا تو میں وزیر اعلیٰ یا وزیر اعظم بھی بن سکتی ہوں۔
‘‘مایاوتی نے کہا کہ جو یادگاریں بی ایس پی حکومت میں تعمیر کی گئی تھیں ان کی سماجوادی پارٹی اور بی جے پی کی حکومتوں میں دیکھ بھال نہیں کی گئی۔ بی ایس پی کا ستیش مشرا اور اوما شنکر پر مشتمل وفد اس ضمن میں مکتوب لے کر وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے لئے گئے تھے۔ سماجوادی پارٹی کی جانب سے فرضی خبر پھیلائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات صرف اور صرف یادگاروں کے لئے کی گئی۔