بی ایس پی کے لوگ برساتی مینڈکوں سے دور رہیں:مایاوتی

   

لکھنؤ۔ بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کی سپریمو اور اترپردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی نے پارٹی کے چھ اخراج شدہ اراکین اسمبلی کے سماج وادی پارٹی(ایس پی)میں شامل ہونے کے ایک دن بعد اپنے پارٹی کارکنوں کو ایسے دل بدلو لیڈروں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ مایاوتی نے اتوار کو ٹوئٹ پر دل بدلو لیڈروں کو برساتی مینڈک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی ایس پی کے لوگ ایسے برساتی مینڈکوں کو پارٹی سے دور ہی رکھیں۔ قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کو بی ایس پی کے چھ اور بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے ایس پی کا دامن تھام لیا تھا۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا’ یوپی اسمبلی انتخابات نزدیک آنے پر اب پھر سے آئے دن دل بدلو لوگوں کو اس پارٹی سے اس پارٹی میں آنے جانے کا دور شروع ہوگیا ہے ۔ مگر اس سے کسی بھی پارٹی کا عوامی حمایت بڑھنے والی نہیں ہے بلکہ اس سے انہیں نقصان ہی ہوگا۔ لہذا بی ایس پی کے لوگ ایسے برساتی مینڈکوں کو پارٹی سے دور ہی رکھیں۔ ایک دیگر ٹوئٹ میں مایاوتی نے آنے والے اسمبلی انتخاب میں نئے پارٹیوں کی حصہ داری پر بھی طنز کیا۔ انہوں نے پارٹی کے کارکنوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا’ صرف دل بدلو ہی نہیں بلکہ برساتی مینڈھکوں کی طرح متعدد ایسی پارٹیوں کے نام بھی لوگوں کو سننے کو مل رہے ہیں جن کے نام اب تک دیکھنے ، سننے کو نہیں ملے تھے ۔ اقتدار کے لالچ کے ایسے کھیل کو عوام خوب سمجھتے ہیں۔ اور اس سے ان پر کوئی اثر نہیں پڑنے والا ہے ۔ تبدیلی یقینی ہے ۔