ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے پہلے مہالکشمی ریسکورس کو مولنڈ میں لینڈ فل میں منتقل کرنے کی تجویز نے ایکناتھ شندے-بی جے پی حکومت اور ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیوسینا دھڑے کے درمیان ایک نیا محاذ کھول دیا ہے۔ ریسکورس کی لیز ایک دہائی قبل ختم ہوگئی تھی۔ بی ایم سی اب یہاں کی زمین کی ملکیت لینا چاہتی ہے اور اسے تھیم پارک کے طور پر تیار کرنا چاہتی ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے اور بی جے پی لیڈر آشیش شیلر ریس کورس کے مقام کو تبدیل کرنے کو لے کر آمنے سامنے آگئے ہیں۔ ٹویٹر پر ان کے درمیان لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔آدتیہ ٹھاکرے نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا کہ ریاست کی موجودہ حکومت تجارتی مفادات کے لیے ریس کورس کو بیچ کر شہر سے رقم کمانے کی کوشش کر رہی ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے نے الزام لگایا کہ حکومت بلڈر لابی کی مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن اسے ممبئی شہر اور لوگوں کی فلاح و بہبود کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔