بی ایم سی انتخاب :کانگریس ۔ونچت بہوجن اگھاڑی میں اتحاد

   

Ferty9 Clinic

ممبئی ۔ 28 ڈسمبر (ایجنسیز) برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے انتخاب کیلئے ووٹنگ سے کچھ روز قبل کانگریس اور پرکاش امبیڈکر کی ونچت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) نے اتحاد کر لیا ہے اور سیٹوں کی تقسیم کے معاہدہ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اتوار 28 دسمبر کو دونوں پارٹیوں کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان کئی دور کی بات چیت اور ملاقات کے بعد یہ فیصلہ ہوا ہے۔ بی ایم سی کی 227 سیٹوں میں سے کانگریس 165 اور وی بی اے 62 سیٹوں پر انتخاب لڑے گی۔ واضح رہے کہ کانگریس مہا وکاس اگھاڑی کا حصہ ہے، جس میں ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیوسینا (یو بی ٹی) اور شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کا گروپ بھی شامل ہے۔ بی ایم سی انتخابات کیلئے شیو سینا یو بی ٹی نے راج ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹرا نورمان سینا (ایم این ایس) کے ساتھ اتحاد کر لیا ہے۔ مہاراشٹرا کانگریس کے صدر ہرشوردھن سپکال نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم دونوں فطری طور پر ایک جیسے نظریات کے حامل پارٹیاں ہیں۔ آج سے پورے مہاراشٹرا میں ہمارا اتحاد ہوگیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم آج سے اتحادی ہیں، ہمارے نظریات یکساں ہیں، ہماری سیٹ تقسیم پر بات ہو گئی ہے۔ آج کانگریس کا یوم تاسیس بھی ہے ۔
اور آج ہی اس نئے اتحاد کا اعلان ہو رہا ہے۔ اس سے مہاراشٹر میں آپ کو ایک نئی تبدیلی نظر آئے گی۔ اس موقع پر سچن ساونت اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے ریاستی صدر دھیریا وردھن پنڈکر، چیتن اہیرے، ساگر گوئی اور اسنیہل سونی موجود تھے۔مہاراشٹر میں بی ایم سی سمیت تمام میونسپل کارپوریشن انتخاب کے لیے ووٹنگ 15 جنوری کو ہوگی۔ نتائج کا اعلان 16 جنوری کو کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ممبئی میں کل 227 سیٹوں میں سے 50 ایسی سیٹیں ہیں جہاں دلت اور مسلم ووٹرس کی تعداد زیادہ ہے۔ ان میں انوشکتی نگر، ٹرامبے، گھاٹ کوپر رمابائی چال، مانکھورد، اندھیری ایسٹ، اندھیری ویسٹ، کرلا، سانتاکروز واکولا، باندرہ ایسٹ، باندرہ ویسٹ، دادر، ورلی، دھاراوی، وڈالا، جی ٹی بی نگر اور چونابھٹی جیسی سیٹیں شامل ہیں۔