بی این پی کے دو اہم قائدین کا پارٹی سے اخراج

   

نئی دہلی/ ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے اپنے صدر کی مشاورتی کونسل کے رکن سید اے کے اکرام الزمان اور قومی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن شاہ محمد ابو ظفر کو پارٹی سے نکال دیا۔ ڈھاکہ ٹریبیون نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ بی این پی کے سینئر جوائنٹ جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ روح الکبیر رضوی نے منگل کو جاری اپنے بیان میں اس کی تصدیق کی۔ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سمیت تمام عہدوں سے باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے۔ اکرام الزمان 12ویں قومی پارلیمانی الیکشن میں آزاد امیدوار کے طور پر برہمن باڑیا-1 حلقہ سے انتخاب لڑرہے ہیں۔ جبکہ ابو ظفر نے 20 نومبر کو بنگلہ دیش نیشنلسٹ موومنٹ (بی این ایم) میں شمولیت اختیار کی۔ وہ پارٹی کے ورکنگ صدر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ بی این پی 12ویں پارلیمانی انتخابات کے پروگرام کو پہلے ہی مسترد کر چکی ہے ۔