بی ایچ ای ایل کی خاتون اکاونٹس آفیسر کی خودکشی

   

ڈپٹی جنرل مینیجر و چھ ساتھیوں پر جاسوسی و ہراسانی کا الزام
حیدرآباد 17 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) عوامی شعبہ کی بی ایچ ای ایل کمپنی میں ایک اکاونٹس آفیسر 33 سالہ خاتون نے خود کشی کرلی ۔ کہا گیا ہے کہ ایک اعلی عہدیدار اور چھ دوسرے رفقاء کی ہراسانی سے تنگ آکر خاتون نے یہ انتہائی اقدام کیا ۔ متوفی کے شوہر کی شکایت پر ڈپٹی جنرل مینیجر ( فینانس ) اور چھ دوسرے بی ایچ ای ایل ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ ان تمام پر خود کشی کیلئے اکسانے کا مقدمہ درج ہوا ہے ۔ اس خاتون کا تعلق بھوپال سے تھا اور اس نے آج صبح 10.30 بجے اپنے بیڈروم کو اندر سے مقفل کرنے کے بعد سیلنگ سے لٹک کر خود کشی کرلی ۔ اسکے شوہر اور افراد خاندان نے دروازہ توڑا جس پر خود کشی کا علم ہوا ۔ انسپکٹر پولیس وینکٹیش شیاملا نے یہ بات بتائی ۔ خاتون نے خود کشی نوٹ بھی چھوڑا ہے جس میں ڈی جی ایم اور چھ دوسرے رفقائے کار کو اسے ذہنی ہراساں کرنے اور خود کشی کیلئے مجبور کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ خاتون نے لکھا کہ اس کا فون ہیک کرلیا گیا تھا اور اس کے کالس کی ریکارڈنگ اور جاسوسی کی جا رہی تھی ۔