بی بی نگر میں ایمس کا آغاز ، 50ایم بی بی ایس طلبہ کے پہلے بیاچ کا کیمپس میں خیرمقدم

   

حیدرآباد۔28اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس( ایمس ) بی بی نگر کا آغاز ہوچکا ہے اور گذشتہ یوم 50طلبہ کے ساتھ ایم بی بی ایس کے پہلے بیاچ کا کیمپس میں خیر مقدم کیا گیا۔ بی بی نگر میں قائم کئے جانے والے (ایمس ) میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ مختلف لیابس کی تیاری کے بعد اب ایمس کو کارکرد بنا دیا گیا ہے اور ابتدائی تیاریوں اور آغاز کے لئے ایمس بی بی نگر کی ذمہ داری ایمس بھوپال کو تفویض کی گئی ہے تاکہ وہ معیاری آغاز اور لیابس کے علاوہ عمارتوں کی تعمیر کی تکمیل کو یقینی بنائے۔آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کی بی بی نگر میں شروعات ریاست میں ایک نئے مرکزی ادارے کا قیام اور صحت کے میدان میں ایک نئی پیشرفت ثابت ہوگی ۔ ایمس کے آغاز کے موقع پر ڈائریکٹر ایمس بھوپال ڈاکٹر شرمان سنگھ‘ مقامی رکن اسمبلی شیکھر ریڈی ‘رکن قانون ساز کونسل کرشنا ریڈی کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ بھونگیر بی نرسیا گوڑ موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ایمس بی بی نگر کی شروعات جاریہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں ہونی چاہئے تھی لیکن لیابس میںدرکار انفراسٹرکچر کی آمد میں تاخیر کے سبب اورینٹیشن منعقد نہیں کیا گیا اور گذشتہ یوم اورینٹیشن کے دوران نئے داخلہ حاصل کرنے والے 50 طلبہ کو ایم بی بی ایس کے کلاسس اور ان کے تعلیمی سال کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کروایاگیا۔ڈائریکٹر ایمس بھوپال جو کہ ایمس بی بی نگر کے نگران ہیں نے بتایا کہ کیمپس میں عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ ابھی جاری ہیں لیکن فوری طور پر جو خدمات شروع کردی گئی ہیں ان میں کوئی رکاوٹ نہ ہو اس کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی بی نگر ایمس کیمپس میں فزیالوجی‘ اناٹومی اور بائیو کیمسٹری لیاب مکمل طور پر تیار ہیں ۔ایمس میں مکمل خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں بتایاجاتا ہے کہ آئندہ 6ماہ کے دوران عمارتوںکی تکمیل کے علاوہ معیاری خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں مکمل اقدامات کئے جائیں گے اور نگران ڈائریکٹر کی جانب سے مرکزی حکومت کو روانہ کی جانے والی رپورٹ اور سفارشات کی بنیاد پر ہی ایمس کی خدمات میں توسیع اور لیابس کی تیاری کے علاوہ دیگر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ تلنگانہ میں ایمس کے آغاز کی مختلف گوشوں سے سراہنا کرتے ہوئے شعبہ صحت میں اسے ایک اہم پیشرفت تصور کیا جارہاہے۔