بی بی پاٹل نے کوہیر میں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے: کانگریس

   

9 جون کو ایک اخبار میں شائع خبر حقیقت پر مبنی، جھوٹے دعوے کرنے والے لیڈر کی بیان بازی سے ہوشیار رہنے عوام سے خواہش

کوہیر۔/17 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد شمشیر علی صد ر کوہیرٹاون کانگریس پارٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ظہیر آباد رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل نے کوہیر منڈل میں اپنے ایم پی فنڈ سے کوئی ترقیاتی و تعمیراتی کام انجام نہیں دیئے، اس ضمن میں 9 جون کو ایک خبر شائع ہوئی تھی جو کہ حقیقت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 جون کو شیخ فرید ریلوے بورڈ ممبر نے اپنے بیان میں بتایا کہ بی بی پاٹل کوہیر منڈل کیلئے ایک کروڑ سے زائد رقم خرچ کئے ہیں ۔ وہ رقم بی بی پاٹل نے اپنی میعاد میں کئے ہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ اپنی دوسری میعاد میں کہاں پر کیا خرچ کئے ہیں۔ اخبار نے حقائق پر مبنی رپورٹ شائع کی ہے۔ شمشیر علی نے بتایا کہ ایک کروڑ سے زائد رقم خرچ کرنے کے دعوے کئے جارہے ہیں، یہ کہاں پر کس کام کیلئے خرچ ہوئے اس کی تفصیل بتانے کی ضرورت ہے اور یہاں کی عوام کو بتانا بھی چاہیئے کیونکہ یہاں کی عوام نے مسٹر پاٹل کو ووٹ دے کر دو مرتبہ پارلیمنٹ روانہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کوہیر ریلوے اسٹیشن پر کئی ٹرینیں بغیر روکے چلائی جارہی ہیں جس سے یہاں کی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وقار آباد، ظہیرآباد ، حیدرآباد جانے والے طلباء کو شدید مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وقت پر کوہیر بس نہیں چلائی جارہی ہے جس سے کاروبار کرنے والے لوگوں کو بھی کافی پریشانی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی پاٹل نے اپنی پہلی میعاد میں گورنمنٹ ہاسپٹل کوہیر کو ایک ایمبولینس اپنے فنڈ سے جاری کیا تھا اور اس کے بعد کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے گئے۔ محمد شمشیر علی نے مزید بتایا کہ کوہیر مستقر میں واقع درگاہ حضرت مولانا معز الدینؒ ترکی موجود ہے جہاں ہزارہا عقیدت مند آتے ہیں وہاں پر وہاں پر 2017 میں 20 لاکھ روپئے کی لاگت سے سی سی سڑک تعمیر کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن آج تک وفا نہیں ہوا۔ اس وقت شری راچنا سوامی مندر موضع بڑم پیٹ میں بھی 20 لاکھ روپئے سے سڑک منظور ہوئی وہ تعمیر ہوگئی، یہ بی بی پاٹل کے کام کرنے کا نظریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس گاؤں میں بی بی پاٹل اپنے فنڈ سے کام کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں وہاں کے سرپنچوں سے ربط کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ہمارے سرپنچ منتخب ہونے کے بعد سے اب تک کوئی کام انجام نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ فرید بتارہے ہیں کہ ایم پی فنڈ سے کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے کئی کام انجام دیئے گئے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ فرید اپنے تعلقات کی بقاء کیلئے عوام کو اور بی بی پاٹل کو بھی گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں رہتے ہوئے ظہیرآباد میں اپنے اثر و رسوخ کو برقرار رکھنے کیلئے اس طرح کی بیان بازی کررہے ہیں۔ ایسے سیاسی لیڈر سے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد بالخصوص کوہیر منڈل کی عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ فرید اپنے اثر و رسوخ سے ظہیرآباد تو درکنار کوئی موضع میں ایک وارڈ ممبر کی حیثیت سے کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے گذّشتہ 9سالوں سے بی بی پاٹل رکن پارلیمنٹ کے پاس حاضر ہوتے ہوئے ان کے حکم کی تکمیل کرتے ہوئے حیدرآباد میں زندگی گذاررہے ہیں۔