بی بی کے علم جلوس کیلئے کرناٹک سے ہاتھی کی منتقلی

   

حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) کرناٹک حکومت نے یوم عاشورہ کے موقع پر حیدرآباد کے تاریخی بی بی کے علم جلوس کیلئے کی ہاتھی فراہمی سے اتفاق کرلیا ۔ وزیر جنگلات کونڈا سریکھا نے کرناٹک کے وزیر جنگلات ایشور کھنڈرے سے ربط کرکے یوم عاشورہ کے جلوس کیلئے ہاتھی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ کرناٹک محکمہ جنگلات کی جانب سے ہاتھی کی منتقلی کے سلسلہ میں بعض تحفظات کا اظہار کیا گیا جس کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کو کرناٹک حکومت سے ربط قائم کرنے کی ذمہ داری دی۔ محمد علی شبیر نے وزیر جنگلات ایشور کھنڈرے سے بات کی اور ہاتھی کی منتقلی کیلئے تمام تر احتیاطی اقدامات کا تیقن دیا ۔ کرناٹک کے وزیر جنگلات نے چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ کو تلنگانہ حکومت کی درخواست کی تعمیل کرنے کا مشورہ دیا۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے محمد علی شبیر کو ہاتھی کی منتقلی سے متعلق احکامات روانہ کئے۔ محکمہ جنگلات نے ہاتھی کی نگہداشت کے سلسلہ میں بعض شرائط عائد کی ہے۔ کرناٹک کے دیوانگری میں واقع سری جگت گرو پنچا چاریہ مندر ٹرسٹ کی یہ ہتھنی جس کا نام روپاوتی ہے جس کی عمر 34 سال بتائی جاتی ہے۔ شیڈول کے مطابق یہ ہاتھی دیوانگری سے روانہ ہوچکا ہے اور اندرون دو یوم حیدرآباد پہنچ جائے گا۔ 14 جولائی تا 29 جولائی ہتھنی حیدرآباد میں محکمہ جنگلات کی نگرانی میں رہے گی۔ یوم عاشورہ 17 جولائی کو پرانے شہر کے علم بی بی جلوس میں شامل رہے گا۔ شیڈول کے مطابق ہتھنی 22 ، 28 اور 29 جولائی کو سکندرآباد ، کاروان اور ہری باؤلی میں بونال جلوسوں میں بھی شامل رہے گی۔1