نئی دہلی ؍ ایودھیا، 15جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کی حالیہ لوک سبھا انتخابات میں کامیابی اگرچہ اشتعال انگیز مسائل کو چھیڑے بغیر قومی سلامتی کے مسئلے پر حاصل کی گئی لیکن اب وزیراعظم نریندر مودی کی پارٹی کے ساتھ ساتھ حلیف شیوسینا نے بھی ایودھیا میں متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کی باتیں شروع کردی ہیں۔ اترپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کیشو موریا کا کہنا ہے کہ رام مندر کی تعمیر کیلئے متبادل کوششیں اگر ناکام ہوجاتی ہیں تو قانون لایا جائے گا۔ شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے اپنے نومنتخب پارٹی ایم پیز کے ہمراہ ایودھیا کا دورہ کررہے ہیں۔ یکایک رام مندر کے موضوع کو اُبھارنا ظاہر طور پر مشکوک معلوم ہورہا ہے۔ آنے والے چند ماہ میں بعض ریاستوں میں اسمبلی چناؤ ہونے والے ہیں۔ ان میں مہاراشٹرا جیسی بڑی ریاست کا الیکشن اکٹوبر؍ نومبر میں مقرر ہے، جہاں بی جے پی اور شیوسینا برسراقتدار حلیف پارٹیاں ہیں۔ خصوصیت سے یہی دونوں پارٹیوں کا رام مندر کیلئے پھر جوش و خروش کہیں مہاراشٹرا الیکشن کی تیاری تو نہیں؟ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کے نائب کیشو موریا نے کہا کہ ایودھیا معاملہ سپریم کورٹ میں زیردوراں ہے اور ساتھ ہی ثالثی کے ذریعے حل ڈھونڈنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ اگر یہ دونوں متبادل ناکام ہوجائیں تو قانون بناکر رام مندر تعمیر کیا جائے گا۔ اس درمیان شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اپنے 18 اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ اتوار کی صبح 10 بجے درشن کیلئے ایودھیا میں موجود ہوں گے۔ مقامی پولیس اس بات کاخیال رکھ رہی ہے کہ لوگوں کے درمیان افرا تفری کا ماحول نہ بنے ۔ اس لئے اس ضمن میں عوامی طور پر کوئی اطلاع نہیں دے رہی ہے ۔ سینئر پولیس افسرا ن کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو دہشت گرادنہ حملے سے تعلق کوئی بھی اشارہ نہیں ملا ہے ۔ پھر بھی پوری چوکسی برتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ سیکورٹی متنازعہ زمین، ہنومان گڑھی مندر، کنک بھون مندر اور ناگیشور ناتھ مندر پر اور اس کے آس پاس رکھی جارہی ہے ۔ اترپردیش کے ضلع ایودھیا میں دہشت گردانہ حملے کے شبہ کے پیش نظر انتظامیہ نے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے ایودھیا میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے کے شبہ کے پیش نظر متنازعہ زمین سمیت پورے ایودھیا کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ۔ ایودھیا کے چاروں طرف لگے حصار پر سخت نگرانی کے بعد ہی گاڑیوں کو داخلہ دیا جارہا ہے ۔ شہر میں آنے والے ٹرینوں،بسوں کی سخت تلاشی بھی کی جارہی ہے۔ہوٹل،لاج اور گیسٹ ہاوس پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ ایودھیا میں سال 2005 میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے معاملے میں عدالت کا فیصلہ 18 جون کو سنایا جانے والا ہے جس کی وجہ سے ایودھیا سمیت مختلف اضلاع میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ 5 جون 2005 کو ایودھیا میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کو سیکورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ اس معاملے میں جموں و کشمیر کے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔