پرامن احتجاج کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش ، عدالتی تحقیقات کا مطالبہ
سی اے اے پر دہلی میں تشدد
نئی دہلی۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے کہا کہ شمالی دہلی میں پھوٹ پڑنے والے تشدد جس میں 7 افراد نے اپنی زندگی گنوائی ہے، اس کے ذمہ دار بی جے پی اور آر ایس ایس کے غنڈے ہیں۔ گزشتہ دو دنوں سے شمال مشرقی دہلی میں تشدد کے واقعات ہورہے ہیں جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔ سی پی آئی کے نیشنل سیکریٹریٹ نے ان واقعات پر شدید غم اور تشویش کا اظہار کیا ہے اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والوں کی جان جانے پر برہمی ظاہر کی ہے۔ دہلی کے جعفرآباد، موج پور اور بھجن پورہ کے علاقوں میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ سی پی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے غنڈے جو اس احتجاجی مہم کو کچلنا چاہتے ہیں، اس لئے انہوں نے اس احتجاج کو فرقہ وارانہ رنگ دیا ہے اور اقلیتی افراد کے علاقوں پر حملہ کیا ہے۔ یہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب دہلی میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی آمد ہوئی ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈر جن میں وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور چیف منسٹرس بھی شامل ہیں، وہ دارالحکومت کے ان کشیدہ حالات کے ذمہ دار ہیں، کیونکہ ان کی اشتعال انگیز تقاریر نے یہ حالات پیدا کئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مخالف اقلیتی مہم جس کا دہلی انتخابات میں آغاز ہوا تھا، وہ ہنوز جاری ہے۔ دہلی میں تشدد اور اس کے دوران جو جانیں گئی ہیں، اس کے واحد ذمہ دار بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈرس ہیں۔ سی پی آئی نے ان تمام حالات میں عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرنے کے علاوہ خاطیوں کو جو کہ راست یا بالواسطہ اس میں شامل ہیں، انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔