نئی دہلی۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تیسری مرتبہ بھی بھارت رتن ایوارڈ نامزدگی رد کرنے پر میجر دھیان چند کے بیٹے اشوک کمار نے اتوار کو بیان دیا کہ یو پی اے حکومت اور موجودہ این ڈی اے دونوں حکومتوں نے ہاکی کے بلند پایہ کھلاڑی اور لیجنڈ دھیان چند کو بھارت رتن ایوارڈ سے محروم کردیا۔ 2013ء میں بھارت رتن ایوارڈ کے شرائط میں تبدیلی کے بعد یہ ایوارڈ صرف واحد کھلاڑی سچن تنڈولکر کو دیا گیا تھا۔ اِس سال بھارت رتن ایوارڈ سابق صدرجمہوریہ پرنب مکرجی، جن سنگھ لیڈر اور سماجی جہد کار ناناجی دیشمکھ اور آسامی موسیقار بھوپن ہزاریکا کو نوازے گئے۔ اشوک کمار نے کہا کہ پوری دنیا کے والد کی ہاکی کیلئے خدمات کی معترف ہیں اور ان کے مجسمے نہ صرف ہندوستان بلکہ یو کے اور نیدرلینڈز میں بھی نصب ہیں اور دونوں حکومتیں چاہے بی جے پی ہو یا کانگریس دونوں ہی نے اس عظیم ہاکی کھلاڑی کو نظرانداز اور فراموش کردیا۔ اشوک کمار خود بھی 1972ء کے میونخ اولمپکس کے برانز میڈلسٹ رہے ہیں۔