تینوں این ڈی اے شرکاء بہار کے چناؤ متحد لڑیں گے : امیت شاہ و جے پی نڈا
نئی دہلی : بی جے پی نے آج مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی کے ساتھ اختلافات کے تعلق سے قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ این ڈی اے کے تمام تینوں شرکاء پارٹیاں بہار اسمبلی کے انتخابات متحدہ طور پر لڑیں گی۔ پارٹی قائدین بشمول وزیر داخلہ امیت شاہ اور صدر جے پی نڈا کے علاوہ ریاست سے تعلق رکھنے والوں کی طویل میٹنگ کے بعد بی جے پی جنرل سیکریٹری بھوپیندر یادو نے میڈیا والوں کو بتایا کہ نشستوں کی تقسیم کے بارے میں اتحادیوں کے ساتھ بات چیت ایک دو یوم میں مکمل ہوجائے گی۔ بھوپیندر ریاست کے اُمور کے لئے پارٹی کے انچارج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں کافی ترقیاتی کام ہوا ہے اور این ڈی اے چیف منسٹر نتیش کمار کی قیادت میں اس کام کی اساس پر چناؤ لڑے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی، جے ڈی (یو) اور ایل جے پی نے جیتن رام مانجھی کے ساتھ مل کر بھرپور طاقت کے ساتھ چناؤ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔مانجھی حال ہی میں جے ڈی یو میں شامل ہوگئے۔ بھوپیندر نے کہا کہ این ڈی اے دوبارہ تین چوتھائی اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی۔ نڈا کی قیام گاہ پر منعقدہ میٹنگ میں امیت شاہ کی موجودگی اشارہ ہے کہ بی جے پی نے نشستوں کی تقسیم کے معاملت پر اپنے موقف کو قطعیت شکل دے دی ہے اور اب وہ حلیفوں کے ساتھ بات چیت کا قطعی دور منعقد کرے گی۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم کا قطعی معاہدہ عنقریب طئے پائے گا اور چناؤ کے پہلے مرحلے کے لئے امیدواروں کی فہرست 4 یا 5 اکتوبر تک جاری کردی جائے گی۔ پہلے مرحلے کیلئے نامزدگی کا عمل جمعرات کو شروع ہورہا ہے اور 8 اکتوبر کو ختم ہوگا۔ 243 رکنی اسمبلی میں سے 71 نشستوں کیلئے پہلے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔