ضمنی چناؤ کے نتائج
لکھنو / پٹنہ ۔ 24 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اور ہریانہ کے اسمبلی الیکشن کے ساتھ پیر کو 18 ریاستوں میں پھیلے ہوئے 51 اسمبلی حلقوں کیلئے بھی ضمنی چناؤمنعقد ہوئے، جس میں آج ووٹوں کی گنتی کے نتیجہ میں بی جے پی اور اس کے حلیفوں نے 26 نشستوںپر جیت درج کرائی اور کانگریس 12 حلقوں میں کامیاب ہوئی جبکہ اسد الدین اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم نے بہار میں پہلی بار انتخابی کامیابی حاصل کی ہے۔ دو لوک سبھا نشستوں کے ضمنی انتخابات میں بہار کے حلقہ سمستی پور (ایس سی) سے لوک جن شکتی پارٹی کے پرنس راج اور مہاراشٹرا کے حلقہ سٹارا میں این سی پی کے شرینواس دادا صاحب پاٹل نے بی جے پی کے ادین راجے پرتاپ سنہہ مہاراج بھونسلے کو شکست دی۔ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کو زیادہ فائدہ ہوا جس نے برسر اقتدار بی جے پی اور بی ایس پی سے 1 ، 1 نشست چھین لی جبکہ این ڈی اے کو 11 میں سے 8 نشستیں حاصل ہوئے۔ مجلس میں تلنگانہ کے باہر مہاراشٹرا میں اسمبلی الیکشن میں دو نشستوں پر کامیابی کے بعد ایک اور ریاست کی اسمبلی میں داخلہ حاصل کیا ہے جہاں اسے مسلم اکثریتی حلقۂ کشن گنج سے کامیابی ملی ہے۔ گجرات میں او بی سی لیڈر الپیش ٹھاکر کو شکست ہوگئی، جنہوں نے کچھ عرصہ قبل ہی کانگریس چھوڑ کر بی جے پی شمولیت اختیار کرلی تھی۔