ٹی آر ایس ، ہر منفی پروپگنڈہ کا موثر جواب دیگی ، کارکنوں سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔30 جون(سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی سوشل میڈیا کے استعمال کے ذریعہ ملک کے عوام کو گمراہ کررہی ہے اور قومی سطح پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سوشل میڈیا پروپگنڈہ کا کوئی جواب قومی سیاسی جماعتو ںکی جانب سے نہیں دیا جا رہاہے لیکن تلنگانہ راشٹر سمیتی بھارتیہ جنتا پارٹی کے اس پروپگنڈہ کا مؤثر جواب دے گی۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی قائدین سے خطاب کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت جھوٹے پروپگنڈہ کے ذریعہ عوامی تائید حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اس پروپگنڈہ کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نفرت کی سیاست کو فروغ دینے والی سیاسی جماعت ہے اور یہ بات ثابت ہوچکی ہے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی تمام طبقات کو ساتھ لیکر کام کرنے والی سیاسی جماعت ہے اسی لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہر منفی پروپگنڈہ کا تلنگانہ راشٹر سمیتی مؤثر جواب دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ اداروں کے ذریعہ جو ماحول پیدا کرنے کی ملک بھر میں کوشش کی جا رہی ہے اس کوشش کو ناکام بنانے کیلئے ضروری ہے کہ اس طرح کی مہم کے خلاف مثبت اقدامات کئے جائیں۔