بی جے پی آئین کو ختم کرنا چاہتی ہے: راہول گاندھی

,

   

امبیڈکر کی توہین ناقابل برداشت، امیت شاہ معافی معانگیں

نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے روز وزیر داخلہ امیت شاہ کے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے حوالے سے کیے گئے ریمارکس پر کہا کہ ملک آئین کے معمار کی توہین برداشت نہیں کرے گا۔ وزیرداخلہ کو معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی آئین اور بابا صاحب کے کام کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ راہول گاندھی نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں صحافیوں کو بتایاکہ بی جے پی اور ان کے قائدین شروع سے ہی کہہ رہے تھے کہ ہم آئین کو تبدیل کریں گے۔ یہ لوگ آئین کے خلاف ہیں۔ یہ لوگ امبیڈکر جی اور اس کے نظریے کے خلاف ہیں۔ راہول نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کا واحد کام آئین اور امبیڈکر جی کے کام کو تباہ کرنا ہے۔ پورا ملک یہ جانتا ہے۔ اس سے قبل پارلیمنٹ کمپلیکس میں اپوزیشن کے احتجاج کی تصویر شیئر کرتے ہوئے راہول گاندھی نے اپنے واٹس ایپ چینل پر پوسٹ کیا کہ بابا صاحب آئین کے خالق ایسا عظیم شخص جو ملک کی رہنمائی کرتا ہے ۔ ملک ان کی توہین اور ان کے تیار کردہ آئین کی توہین کو برداشت نہیں کرے گا۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ‘X’ پر پوسٹ کیاکہ امبیڈکر جی کا نام لینے سے حقوق ملتے ہیں۔ امبیڈکر جی کا نام لینا انسانی وقار کی علامت ہے۔ امبیڈکر جی کا نام کروڑوں دلتوں اور محروم لوگوں کے عزت نفس کی علامت ہے۔ کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہیکہ امیت شاہ نے منگل کو اپنے خطاب کے دوران بابا صاحب کی توہین کی جبکہ انہوں نے راجیہ سبھا میں آئین ہند کے 75 سال کے شاندار سفر کے موضوع پر دو روزہ طویل بحث کا جواب دیا۔
امیت شاہ کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج
نئی دہلی: انڈیا گروپ کے لیڈروں نے چہارشنبہ کو وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں احتجاج کیا اور کہا کہ انہوں نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین کی ہے ۔ اپوزیشن لیڈروں نے الزام لگایا کہ امیت شاہ نے منگل کو راجیہ سبھا میں آئین پر بحث کا جواب دیتے ہوئے بابا صاحب کی توہین کی اور اپوزیشن پارٹیاں اس توہین کو قبول نہیں کریں گی۔ اپوزیشن لیڈروں نے کہا کہ شاہ کو اس کے لئے معافی مانگنی چاہئے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے اس احتجاج میں راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے ، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی، رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران موجود تھے۔
احتجاجی قائدین نے اپنے ہاتھوں میں بابا صاحب کی تصویر اٹھا رکھی تھی اور جے بھیم راؤ امبیڈکر اور مودی حکومت مخالف نعرے لگا رہے تھے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں بابا صاحب کی توہین کی ہے ۔ کانگریس کے درج فہرست ذات کے محکمہ کے سربراہ راجیش للوتھیا نے کہا- “امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر جی کیلئے تضحیک آمیز بیان دیا۔ یہ آر ایس ایس-بی جے پی کی منو وادی سوچ کو بے نقاب کرتا ہے ۔ بابا صاحب کے آئین میں دلتوں، اقلیتوں اور خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ امیت شاہ جی کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے ۔