بی جے پی آفس میں رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کے خلاف مظاہرہ

   

حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی دفتر میں آج اس وقت ماحول کشیدہ ہوگیا جب نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کے خلاف ضلع کے بی جے پی قائدین نے احتجاج منظم کیا۔ نظام آباد کے مختلف علاقوں آرمور، بالکنڈہ، بودھن اور نظام آباد ٹاون سے تعلق رکھنے والے سینئر قائدین اور کارکنوں نے پارٹی آفس میں ڈی اروند کے خلاف دھرنا منظم کیا اور نعرہ بازی کی۔ ان کا الزام ہے کہ اروند نے 13 منڈلوں کے بی جے پی صدور کو یکطرفہ طور پر تبدیل کردیا ہے۔ پارٹی کے سینئر اور قدیم قائدین کے ساتھ ناانصافی پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ احتجاجیوں نے تبدیل کئے گئے صدور کو دوبارہ مقرر کرنے کی مانگ کی۔ انہوں نے صدر بی جے پی کشن ریڈی سے ضلع میں قائدین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجیوں کو تیقن دیا گیا کہ کشن ریڈی بہت جلد ان کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ ڈی اروند کے خلاف اس اچانک احتجاج سے پولیس نے بھی چوکسی اختیار کرلی تھی تاہم سینئر قائدین نے بیچ بچاؤ کرتے ہوئے پولیس کو کارروائی سے روک دیا۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کیا کہ ڈی اروند کے فیصلوں سے پارٹی کمزور ہوگی۔