پرتاپ گڑھ ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاست ہمیشہ ملک کی اصل دھارا کے برعکس رہی ہے ، ان کو آئین مخالف کام کرنے و افواہ پھیلانے میں مہارت حاصل ہے ،جس کے سہارے ان کی سیاست چل رہی ہے ۔جبکہ ملک و عوام کے مفاد میں ان کے پاس کوئی ایشو نہیں ہے ۔ بی جے پی ہر محاذ پر ناکام ہونے کے بعد ہمیشہ کی طرح مذہب ذات پر مبنی پولرائزیشن کی سیاست کر اسمبلی الیکشن میں کامیابی کا خواب دیکھ رہی ہے ۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے میڈیا کو جاری بیان میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ اس مرتبہ اسمبلی الیکشن مذہب ذات کی بنیاد پر نہیں بلکہ مدّعہ پر ہوگا ،عوام میں بی جے پی کے تئیں جو اشتعال ہے ، اس میں منہگائی و بے روزگاری شامل ہے ۔کورونا اوقات میں بدنظمی کے درمیان ہوئ ہلاکت اور دریائے گنگا میں بہتی نعشیں ،بڑھتی بے روزگاری و منہگائی ،کسانوں کا استحصال و فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنا ،بے روزگار نوجوانوں کی فوج وغیرہ ایشو نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ بی جے پی ہر محاذ پر ناکام ہے ، اس کو اب الیکشن میں صرف مذہب ذات و افواہ کا سہارا ہے ،جس کو عوام مسترد کر چکی ہے ۔ بھوک و بدعنوانی نے آج عوام کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے ۔