نئی دہلی۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)نے اروناچل پردیش کی دو اسمبلی سیٹوں پر پارٹی کے امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ بی جے پی کی جیت کا سفر شروع ہوچکاہے ۔بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے ٹویٹ کرکے کہا،‘‘بی جے پی کی جیت کا سفر اروناچل پردیش سے شروع۔’’انہوں نے ٹویٹر پر اطلاع دی کہ آلو سیٹ پر سر کینٹو جنی اور یاچولی سیٹ پر انجینئر تابا تیدیر بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔دونوں سیٹوں پر پرچہ نامزدگی کی آج جانچ کے بعد ان دونوں کا انتخاب بلا مقابلہ طے ہوگیا ہے ۔حالانکہ ضابطوں کے مطابق 28تاریخ کو نام واپس لینے کی مدت ختم ہونے کے بعد رسمی طورپر اعلان کیا جائے گا۔اروناچل پردیش اسمبلی کی سبھی 60سیٹوں کے لئے پہلے مرحلے میں 11اپریل کوووٹنگ ہونی ہے ۔25مارچ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی اور منگل کو پرچہ نامزدگی کی جانچ ہونی تھی۔28مارچ تک نام واپس لئے جاسکیں گے ۔ووٹنگ 11اپریل کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 23مئی کو ہوگی۔