کے سی آر پر جھوٹے وعدوں سے آنکھوں میں دھول جھونکنے کا الزام
حیدرآباد 8 جولائی ( سیاست نیوز ) بی جے پی اسٹیٹ الیکشن کمیٹی صدر نشین ایٹالہ راجندر نے کہا کہ بی جے پی ہی بتاسکتی ہے کہ گولڈن تلنگانہ کیا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سرزمین تلنگانہ پر آچکے ہیں اور انہوں نے تلنگانہ کی ہرممکن مدد کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شمالی تلنگانہ کیلئے یہ اچھی علامت ہے کہ وزیر اعظم نے ریلوے ویاگن فیکٹری کا سنگ بنیاد رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں ہی تلنگانہ کا مستقبل روشن ہوگا ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنا چاہتے ہیں اور مرکز میں اقتدار رکھنے والی بی جے پی اس میں ریاست کے عوام کی مدد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ گوشوں سے تشہیر کی جا رہی ہے کہ بی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی ہیں لیکن یہ بے بنیاد افواہیں ہیں۔ دراصل کانگریس اور بی آر ایس میں خفیہ اتحاد ہے جو گذشتہ تین سال سے چلا آ رہا ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کردیں جنہوں نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے ہیں اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو عوام کی تکالیف اور آنسووں کا احساس ہے اور وہی ریاست کا مستقبل بہتر بناسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر گولڈن تلنگانہ کا صرف نعرہ دیتے ہیں اور زبانی وعدے کرتے ہیں حقیقی گولڈن تلنگانہ کیا ہوتا ہے وہ بی جے پی بتائے گی ۔راجندر نے کہا کہ مودی کے دورہ سے کارکنوں میں جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔