بی جے پی اقتدار میں مسلمانوں اور دلتوں پر مظالم میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

عوامی تلنگانہ کیلئے کانگریس کی کامیابی ضروری،ڈپٹی چیف منسٹر راجستھان سچن پائلٹ کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 8۔ اپریل (سیاست نیوز) راجستھان کے ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا زوال یقینی ہے اور کانگریس برسر ا قتدار آئے گی ۔ سچن پائلٹ آج حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاستوں کی ترقی کیلئے مرکز میں کانگریس کا برسر اقتدار آنا ضروری ہے۔ انہوں نے تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے ہر شہری کو 15 لاکھ رپوئے دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایک رو پیہ بھی نہیں دیا گیا ۔ روزگار کی فراہمی میں نریندر مودی حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ سچن پائلٹ نے کانگریس کے انتخابی منشور کا حوالہ دیتے ہوئے اسے تاریخی اور عوامی منشور قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمہ کیلئے کانگریس پارٹی نے نیائے اسکیم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت غریبوں کو ماہانہ 6000 روپئے کی امداد دی جائے گی جو سالانہ 72,000 روپئے ہوں گے۔ انہوں نے بی جے پی اور ٹی آر ایس سے مطالبہ کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں مرکز اور ریاست میں اپنی حکومتوں کے کارناموں کو بیان کریں۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں مسلمانوں اور دلتوں پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے ۔ مختلف عنوانات کے تحت سنگھ پریوار میں مسلمانوں اور دلتوں کو نشانہ بناتے ہوئے عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے قومی سلامتی کے امور کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ پلوامہ دہشت گرد حملہ کو بی جے پی ووٹ حاصل کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات ملک کیلئے ترقی کی نئی راہیں تلاش کریں گے۔ راجستھان ، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں کانگریس پارٹی نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوامی قائدین کو اپنے امیدوار کے طورپر میدان میں اتارا ہے ۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ عوامی تلنگانہ کے قیام کیلئے کانگریس پارٹی کی کامیابی ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف آواز بلند کرنے والے طلبہ کو ملک دشمن کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔
سپریم کورٹ کے جج نے خود کہا کہ ملک میں پہلی بار جمہوریت خطرہ میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست کو بے قاعدگیوں اور کرپشن سے پاک کرنے کیلئے ہر کسی کو مساعی کرنی چاہئے ۔ ملک میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں سچن پائلٹ نے کہا کہ راجستھان میں کانگریس کو 20 نشستوں پر کامیابی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے ۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے لئے کوئی مقام نہیں ہے ، لہذا ٹی آر ایس کو آگے کردیا گیا۔