مرکزی وزیرکشن ریڈی نے ریاست کیلئے کوئی نمایاں کام انجام نہیں دیا‘ مہادھرنا پرمہیش گوڑ کا رد عمل
نظام آباد، 7 دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر مہیش کمار گوڑ نے بی جے پی کی جانب سے حیدرآباد کے اندرا پارک میں منعقدہ ’’مہا دھرنا‘‘ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر کشن ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ نظام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے کے باوجود کشن ریڈی نے مرکزی وزیر کی حیثیت سے ریاست کے لیے کوئی بھی نمایاں ترقیاتی کام انجام نہیں دیا اس لیے انہیں تلنگانہ کے مسائل پر بات کر کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔ مسٹر مہیش کمار گوڑ نے سوال اٹھایا کہ ’’جب مرکزی وزیر ہوتے ہوئے بھی ایک کام نہیں کیا تو اب کس منہ سے بی جے پی قائدین اندرا پارک میں دھرنا دے رہے ہیں؟‘‘ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت ترقی اور فلاحی اقدامات میں شاندار کارکردگی دکھا رہی ہے، جسے دیکھ کر بی جے پی برداشت نہیں کر پا رہی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں ’’مہا دھرنا‘‘ کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے نتائج بی جے پی کی عوامی حیثیت کا واضح ہو چکا ہے، جہاں انکی پارٹی اپنی ضمانت تک نہیں بچا سکی۔ مہیش کمار گوڑ نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت عالمی سرمایہ کاری اجلاس کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرتے ہوئے ریاست کا وقار بلند کر رہی ہے، جب کہ بی جے پی صرف الزام تراشی اور انتشار کی سیاست میں مصروف ہے۔ اس سے اجتناب کرنے کی خواہش کی۔