نئی دہلی : انتخابی اصلاحات پر زور دینے والے گروپ اے ڈی آر نے بتایا ہیکہ بی جے پی مالی سال 2019-20ء میں 4847.78 کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات کے ساتھ ہندوستان کی امیر ترین پارٹی قرار پائی ہے۔ بی جے پی کو تمام سیاسی پارٹیوں میں کئی برسوں سے اول مقام حاصل ہورہا ہے۔ اس رپورٹ میں چونکا دینے والی بات یہ ہیکہ دوسرے نمبر پر کانگریس نہیں بلکہ بی ایس پی 698.33 کروڑ روپئے کے ساتھ بی جے پی سے ایک درجہ پیچھے ہے۔ کانگریس کے اثاثوں کی قدر 588.16 کروڑ روپئے ہے جس کے ساتھ اسے تیسرا مقام ملا ہے۔ اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس نے 2019-20ء میں قومی اور علاقائی پارٹیوں کے اثاثوں اور اخراجات کے اپنے تجزیہ پر یہ رپورٹ تیار کی ہے۔ تجزیہ کے مطابق 7 قومی اور 44 علاقائی پارٹیوں نے مالی سال کے دوران جن اثاثوں کا اعلان کیا وہ مجموعی طور پر ترتیب وار 6988.57 کروڑ روپئے اور 2129.38 کروڑ روپئے مالیت کے ہیں۔ 7 قومی پارٹیوں میں سب سے زیادہ اثاثے بی جے پی (69.37 فیصد) ہیں جس کے بعد بی ایس پی 9.99 فیصد اور کانگریس 8.42 فیصد کے ساتھ ملک کی امیر سیاسی جماعتیں ہیں۔ 44 علاقائی پارٹیوں میں 10 سرکردہ پارٹیوں کے اثاثے 2028.715 کروڑ روپئے یا 95.27 فیصد کے پائے گئے۔ مالی سال 2019-20ء میں علاقائی پارٹیوں میں سب سے زیادہ اثاثے سماج وادی پارٹی کے ہیں جن کی قدر 563.47 کروڑ روپئے (26.46 فیصد) ہے۔ دوسرے نمبر پر ٹی آر ایس (301.47کروڑ روپئے) اور تیسرے پر اے آئی اے ڈی ایم کے (267.61 کروڑ روپئے) ہیں۔
