بی جے پی انتخابی فنڈنگ کے ذرائع کا انکشاف کرے

,

   

Ferty9 Clinic

پچھڑے طبقات کی ترقی بی جے پی برداشت نہیں کرسکتی ۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی کا بیان
نئی دہلی 19 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اس سے کہا کہ وہ انتخابات کے دوران اسے جو فنڈز حاصل ہوئے ہیں ان کی تفصیل اور ذرائع کو منظر عام پر لائے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی یہ برداشت نہیں کرسکتی کہ پچھڑے طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ تجارت میں آگے بڑھیں۔ سابق چیف مسنٹر یو پی نے یہ ریمارک آج کیا ہے جبکہ ایک دن قبل ہی محکمہ انکم ٹیکس نے نوئیڈا میں ایک بے نامی کمرشیل پلاٹ کو ضبط کرلیا ہے جس کی مالیت 400 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے اور یہ مایاوتی کے بھائی اور ان کی اہلیہ کا تھا ۔ انہوں نے بی جے پی سے مطالبہ کیا کہ وہ ان ذرائع کا انکشاف کرے جن کے ذریعہ اسے انتخابات میں فنڈنگ کیلئے 2000 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں۔ مایاوتی نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ انتخابات کے دوران بی جے پی کو اپنے پوشیدہ اکاونٹس میں 2000 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ یہ رقم کس نے دی ہے اور ہر کوئی جاننا چاہتا ہے کہ ان رقومات کے ذرائع کیا ہیں۔ مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ یہ بے نامی ذرائع ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان فنڈز کے ذریعہ انتخابات میں غریبوں اور پچھڑے ہوئے طبقات کے ووٹ خریدے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہ برداشت نہیں کرسکتی کہ پچھڑے ہوئے طبقات کے لوگ ترقی کریں اور خاص طور پر تجارت میں آگے بڑھیں۔ ان کے خلاف بی جے پی اپنے اقتدار اور سرکاری مشنری کا استعمال کرتی ہے ۔ مایاوتی نے کہا کہ پچھڑے طبقات کی آواز دبانے بی جے پی کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی ۔ ان کے حامیوں کو یہ نہیں سمجھنا چاہئے کہ جب انہیں ( مایاوتی ) کو نہیں بخشا جارہا ہے تو ان کا کیا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنا محاسبہ بھی کرنا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی یہ سمجھتی ہے کہ وہ ہریش چندر ( دیانتدار ) ہے تو پھر اسے اپنے قائدین کے اقتدار پر آنے سے پہلے اور بعد کی دولت کے تعلق سے تحقیقات کروانی چاہئیں۔ مایاوتی نے حال ہی میں اپنے بھائی کو پارٹی کا نائب صدر مقرر کیا تھا ۔