بی جے پی اور آر ایس ایس ایجنڈہ کے خلاف قومی سطح پر جدوجہد کی ضرورت

   

تلنگانہ فرقہ پرستوں کے نشانہ پر، حیدرآباد میں سی پی آئی اسٹیٹ کونسل اجلاس سے اتل کمار انجان کا خطاب
حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان نے ملک میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد کی ضرورت ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔ اتل کمار انجان آج حیدرآباد میں سی پی آئی کے اسٹیٹ کونسل اجلاس سے مخدوم بھون میں خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 5 ریاستوں کے حالیہ اسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی اور آر ایس ایس نے جنوری ہند میں تلنگانہ پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ریاست میں فرقہ پرست سیاست کے ذریعہ سیاسی مقصد براری کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو اس سازش سے چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ میں سیکولر طاقتوں کو پہلے سے زیادہ چوکسی کے ساتھ متحدہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آر ایس اور بی جے پی ایجنڈہ کے خلاف باقاعدہ جنگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت منافع میں چلنے والے عوامی اداروں کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی تیاری کررہی ہے تاکہ حکومت سے قربت رکھنے والے صنعتی گھرانوں کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔ ملک کے وسائل کو خانگی اداروں کے حوالے کرتے ہوئے ورکرس اور مزدوروں کے ساتھ ناانصافی کی پالیسی پر مرکز عمل پیرا ہے۔ اتل کمار انجان نے بتایا کہ ملک کی مختلف مزدور تنظیموں نے 28 اور 29 مارچ کو قومی سطح پر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ اسٹیٹ کونسل اجلاس میں حالیہ عرصہ میں دیہانت ہونے والے پارٹی قائدین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سی پی آئی کے ریاستی اسسٹنٹ سکریٹری پی وینکٹ ریڈی نے تعزیتی قرارداد پیش کی۔ اتل کمار انجان اور ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے قومی اور بین الاقوامی اُمور پر اظہار خیال کیا۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹریٹ کے رکن ڈی جی سائیلو گوڑ کی قیادت میں اجلاس منعقد ہوا۔ اتل کمار انجان نے دستور میں تبدیلی کی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دستور اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے ہر کسی کو کمربستہ ہونا چاہیئے۔ پٹرول، گیاس اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ملک کی معیشت زوال پذیر ہے۔ انہوں نے 28 اور 29 مارچ کی ہڑتال کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے نتائج کے بعد بی جے پی کے حوصلے بلند ہوچکے ہیں۔ اجلاس میں سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ر