بی جے پی اور مودی کے تابوت کی آخری کیل

,

   

آئندہ انتخابات کے بارے میں صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی کی پیش قیاسی
کولکتہ ۔ /12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بی جے پی اور نریندر مودی کے تابوت کی آخری کیل ثابت ہوں گے اور اس طرح ان کی ’’ خوف کی حکمرانی کے دور ‘‘ کا اختتام ہوگا ۔ صدر ترنمول کانگریس ممتابنرجی نے کہا کہ متحدہ ہندوستان اور بعض الگ تھلگ افراد کے درمیان انتخابی جنگ لڑی جارہی ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم اور برسراقتدار بی جے پی پر سخت تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ وی وی آئی پی مشینیں ، ہیلی کاپٹرز اور چارٹر پروازیں استعمال کرتے ہوئے رائے دہندوں کو عام انتخابات سے قبل رشوت دینے کیلئے استعمال کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے صدر کانگریس راہول گاندھی کے حکومت پر رافیل سودے کے سلسلے میں عائد کردہ الزامات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے پوری طرح متفق ہوں ۔انہوں نے ہندو میں این رام کے مضمون کا حوالہ بھی دیا ۔

مغربی بنگال میں ترنمول امیدواروں کی فہرست جاری
بی جے پی پر ووٹروں کو لالچ دینے کا الزام، ممتا بنرجی کا خطاب

کولکتہ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے ریاست کے 42 لوک سبھا حلقوں کے لئے اپنی پارٹی کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے جس میں 10 موجودہ ارکان کو دوبارہ نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے بی جے پی اور مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیاکہ اُنھیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں ’وی وی آئی پیز‘ ووٹروں کو رشوت دینے کے مقصد سے رقومات کی منتقلی کے لئے ہیلیکاپٹرس اور چارٹرڈ طیارے استعمال کررہے ہیں۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے امیدواروں کی فہرست جاری کرتے ہوئے رافیل معاملت میں رشوت ستانی، روزگار کے گھٹتے ہوئے موقعوں اور زرعی بحران جیسے مختلف مسائل پر مرکز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ جن امیدواروں کو دوبارہ ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے اُنھیں پارٹی کے کاموں کی ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ان کی پارٹی کی فہرست میں 41 فیصد خواتین ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ ترنمول کانگریس اڈیشہ، آسام، جھارکھنڈ، بہار اور انڈومان کی چند نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ 2019کے لوک سبھا انتخابات بی جے پی کیلئے ’’موت کی گھنٹی ‘‘ثابت ہوں گے اور ڈر خوف پر مبنی مودی حکومت کا خاتمہ ہوگا ۔