بی جے پی اور کانگریس نے شکست قبول کرلی

   

Ferty9 Clinic

تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کریں گے: بی جے پی ، پارٹی کے احیاء کا عزم:کانگریس

نئی دہلی 11 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی صدر جے پی نڈا نے کہاکہ ان کی پارٹی دہلی کے عوام کی رائے اور فیصلہ کو قبول کرتی ہے اور اسمبلی میں تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کریگی۔ نڈا نے عام آدمی پارٹی سربراہ کجریوال کو انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اپنے ٹوئیٹس میں نڈا نے توقع کا اظہار کیاکہ عام آدمی پارٹی دہلی کی ہمہ جہت ترقی کیلئے کام کرے گی۔ اُنھوں نے بی جے پی ورکرس سے اظہار تشکر کیا جنھوں نے پارٹی کیلئے دن رات محنت کی تھی۔ دوسری طرف کانگریس نے انتخابات میں شکست کو تسلیم کرلیا اور کہاکہ وہ پارٹی کا دہلی میں بنیادی سطح سے احیا کریگی اور دوبارہ کارکرد بنانے کام کریگی۔ کانگریس نے کہاکہ نتائج بی جے پی کیلئے یہ پیام ہے کہ وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ کی زہر آلود اور نفرت کی مہم کو شکست ہوئی ہے۔ کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہاکہ عوام کا فیصلہ کانگریس کے خلاف ہے اور پارٹی دہلی میں اپنے احیاء کیلئے کام کرے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ پارٹی کے ووٹ فیصد میں بھاری کمی آئی ہے جو باعث تشویش ہے اور اس کا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔ دہلی کانگریس یونٹ کے سربراہ سبھاش چوپڑا نے کہاکہ نتائج سے یہ ظاہر ہوگیا ہے کہ دہلی کے عوام فرقہ وارانہ عناصر کے ساتھ نہیں ہیں۔ اُنھوں نے انتخابات میں شکست کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ وہ الیکشن میں روزآنہ 20 تا 21 گھنٹے پارٹی کے لئے کام کرتے رہے لیکن وہ تھکے نہیں ہیں۔ دہلی کانگریس اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
کجریوال کو وزیراعظم مودی کی مبارکباد
نئی دہلی 11 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے دہلی انتخابات میں شاندار کامیابی پر چیف منسٹر اروند کجریوال کو مبارکباد پیش کی اپنے ٹوئٹر پیا م میں اُنھوںعوام کی توقعات کو پورا کرنے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔